99اسماء حسنیٰ اور ان کے فضائل
علامہ پیر محمد الیاس عطار قادری
ہر ورد کے اول و آخر ایک بار درود شریف پڑھ لیجئے، فائدہ ظاہر نہ ہونے کی صورت میں شکوہ کرنے کی بجائے اپنی کوتاہیوں کی شامت تصور کیجئے اور اللہ عزوجل کی مصلحت پر نظر رکھئے۔
1۔ ’’یَااَللّٰہُ‘‘ جو ہر نماز کے بعد 100 ار پڑھے، ان شاء اللہ عزوجل اس کا باطن کشادہ ہو جائیگا۔
2۔ ’’ھُوَاللّٰہُ الرَّحِیْمُ‘‘ جو ہر نماز کے بعد 7 بار پڑھ لیا کرے، ان شاء اللہ عزوجل شیطان کے شر سے بچا رہے گا اور اس کا ایمان پر خاتمہ ہو گا۔
3۔ ’’یَاقُدُّوُس‘‘ کا جو کوئی دورانِ سفر ورد کرتا رہے ان شاء اللہ عزوجل تھکن سے محفوظ رہے گا۔
4۔ ’’یَارَحْمٰنُ‘‘ جو کوئی صبح کی نماز کے بعد 298 بار پڑھے گا خداعزوجل اس پر بہت رحم کرے گا، ان شاء اللہ عزوجل۔
5۔ ’’یَارَحِیْمُ‘‘ جو کوئی ہر روز 500 بار پڑھے گا ان شاء اللہ عزوجل دولت پائے گا اور مخلوق اس پر مہربان اور شفیق ہو گی۔
6۔ ’’یَامَلِکُ‘‘ 90 بار جو غریب و نادار روزانہ پڑھا کرے ان شاء اللہ عزوجل غربت سے نجات پائے گا۔
7۔ ’’یَاسَلَامُ‘‘ 111 بار پڑھ کر بیمار پر دم کرنے سے ان شاء اللہ عزوجل شفا حاصل ہو گی۔
8۔ ’’یَامُؤْمِنُ‘‘ جو 115 بار پڑھ کر اپنے اوپر دم کریگا، ان شاء اللہ عزوجل تندرستی پائے گا۔
9۔ ’’یَامُھَیْمِنُ‘‘ 29 بار روزانہ پڑھنے والا ان شاء اللہ عزوجل ہر آفت و بلا سے محفوظ رہ یگا۔
10۔ ’’یَاعَزِیْزُ‘‘ 41 بار حاکم یا افسر وغیرہ کے پاس جانے سے قبل پڑھ لیجئے، ان شاء اللہ عزوجل وہ حاکم یا افسر مہربان ہو جائیگا۔
11۔ ’’یَاجَبَّارُ‘‘ جو اس کا مسلسل ورد رکھے گا اپنی غیبت سے ان شاء اللہ عزوجل بچا رہیگا۔
12۔ ’’یَامُتَکَبِّرُ‘‘ 21 بار روزانہ پڑھ لیجئے، ڈرائونے خواب آتے ہوں گے تو ان شاء اللہ عزوجل خواب میں نہیں ڈریں گے۔ (مدت علاج: تاحصولِ شفائ)
’’یَامُتَکَبِّرُ‘‘ زوجہ سے ’’ملاپ‘‘ سے قبل 10 بار پڑھ لینے والا ان شاء اللہ عزوجل نیک بیٹے کا باپ بنے گا۔
13۔ ’’یَاخَالِقُ‘‘ جو300 بار پڑھے ان شاء اللہ عزوجل اس کا دشمن مغلوب ہو گا۔
14۔ ’’یَابَارِیُٔ‘‘ 10 بار جو کوئی ہر جمعہ کو پڑھ لیا کرے ان شاء اللہ عزوجل اس کو بیٹا عطا ہو گا۔
15۔ ’’یَامُصَوِّرُ‘‘ جو بانجھ عورت سات روزے رکھے اور افطار کے وقت 21 بار ’’الْمُصَوِّرُ‘‘ پڑھ کر پانی پر دم کر کے پی لیا کرے، اللہ تعالیٰ اس کو نیک بیٹا عطا کرے گا، ان شاء اللہ عزوجل
16۔ ’’یَاغَفَّارُ‘‘ جو اسے ہمیشہ پڑھا کرے گا ان شاء اللہ عزوجل نفس کی بری خواہشات سے چھٹکارا پائے گا۔
17۔ ’’یَاقَھَّارُ‘‘ 100 بار اگر کوئی مصیبت آ پڑے تو پڑھئے، ان شاء اللہ عزوجل مشکل آسان ہو گی۔
18۔ ’’یَاوَھَّابُ‘‘ 7 بار جو روزانہ پڑھا کریگا، ان شاء اللہ عزوجل مستجاب الدعوات ہو گا۔ (یعنی ہر دُعا قبول ہوا کرے گی)
19۔ ’’یَارَزَّاقُ‘‘ جو فجر کے فرض و سنت کے درمیان 41 دن تک 550 بار پڑھے گا، ان شاء اللہ عزوجل دولت مند ہو گا۔
20۔ ’’یَافَتَّاحُ‘‘ 70بار جو روزانہ بعد نمازِ فجر دونوں ہاتھ سینے پر رکھ کر پڑھا کرے گا ان شاء اللہ عزوجل اس کے دل کا زنگ و میل دُور ہو گا۔
’’یَافَتَّاحُ‘‘ 7بار جو روزانہ (کسی بھی وقت دن میں ایک مرتبہ) پڑھا کریگا ان شاء اللہ عزوجل اس کا دل روشن ہو گا۔
21۔ ’’یَاعَلِیْمُ‘‘ جو کوئی اس اسم کو بہت پڑھے گا اللہ تعالیٰ اس کو دین و دنیا کی معرفت عطا فرمائے گا، ان شاء اللہ عزوجل
22۔ ’’یَاقَابِض، یَابَاسِطُ‘‘ 30 بار جو روزانہ پڑھا کریگا ان شاء اللہ عزوجل وہ دشمن پر فتح پائے گا۔
23۔ ’’یَابَاسِطُ‘‘ جو 40 بار پڑھے ان شاء اللہ عزعوجل خلق سے بے پرواہ ہو گا۔
24۔ ’’یَاخَافِضُ‘‘ جو کوئی اسے 500بار پڑھ لے ان شاء للہ عزوجل دشمن سے اَمان میں رہے گا۔
25۔ ’’یَارَافِعُ‘‘ 20 بار جو روزانہ پڑھا کریگا ان شاء اللہ عزوجل اس کی مراد پوری ہو گی۔
26۔ ’’یَامُعِزُّ‘‘ جو کوئی اسے بعد نماز عشاء شب جمعہ 140 بار پڑھے، مخلوق کی نظر میں اس کی عزت و حرمت اور ہیبت بڑھے گی، ان شاء اللہ عزوجل
27۔ ’’یَاحَکَمُ‘‘ جو پانچوں وقت ہر نماز کے بعد 80بار پڑھ لیا کرے کسی کا محتاج نہ ہوگا، ان شاء اللہ عزوجل
28۔ ’’یَابَصِیْرُ‘‘ 7 بار جو کوئی روزانہ بوقت عصر (یعنی ابتدائے وقت عصر تا غروبِ آفتاب کسی بھی وقت) پڑھ لیا کرے، ان شاء اللہ عزوجل اچانک موت سے محفوظ رہے گا۔
29۔ ’’یَاسَمِیْعُ‘‘ 100 بار جو روزانہ پڑھے اور اس دوران گفتگو نہ کرے اور پڑھ کر دُعا مانگے ان شاء اللہ عزوجل جو مانگے گا پائے گا۔
30۔ ’’یَامُذِلُّ، یَامُعِزُّ‘‘ جو کوئی 75 بار پڑھ کر سجدہ کرے اور کہے یاالٰہی عزوجل فلاں ظالم کے شر سے مجھے محفوظ رکھ، اللہ تعالیٰ اسے امان دیگا اور اپنی حفاظت میں رکھے گا، ان شاء اللہ عزوجل
31۔ ’’یَاعَدْلُ‘‘ جو کوئی مغرب کی نماز کے بعد 1000بار پڑھے گا، ان شاء اللہ عزوجل آسمانی بلائوں سے نجات پائے گا۔
32۔ ’’یَالَطِیْفُ‘‘ بیٹیوں کے نصیب کھلنے اور امراض سے صحت اور مشکلات سے نجات کیلئے ہر روز تَحِیَّہُ الْوُضُوء کے بعد 100 بار پڑھ لیا کرے۔
33۔ ’’یَاخَبِیْرُ‘‘ جو کوئی نفس امارہ کے ہاتھ گرفتار ہو تو ہر روز وظیفہ کر لیا کرے، ان شاء اللہ عزوجل نجات پائے گا۔
34۔ ’’یَاحَلِیْمُ‘‘ جو کوئی اس کو کاغذ پر لکھ کر پھر اس کو دھو دے اور اپنی کھیتی پر چھڑک دے، زراعت ہر آفت سے حفاظت میں رہے گی۔
35۔ ’’یَاعَظِیْمُ‘‘ جو 7 دفعہ پانی پر پڑھ کر دم کر کے پانی پی لے، اس کے پیٹ میں درد نہ ہو۔
36۔ ’’یَاغَفُوْرُ‘‘ جس کو دردسر یا کوئی بیماری یا غم پیش آ جائے 3بار ’’یَاغَفُوْرُ‘‘ کی مقطعات لکھ کر (یعنی اس اسم پاک کو کاغذ پر لکھ کر اس کی گیلی سیاہی پر روٹی کا ٹکڑا لگا کر وہ نقش روٹی میں جذب کر کے لے اور) کھا لے، ان شاء اللہ عزوجل شفاء پائے گا۔
37۔ ’’یَاشَکُوْرُ‘‘ جو کوئی 5000بار روز پڑھا کریگا، ان شاء اللہ عزوجل قیامت کے دن بلند مرتبہ ہو گا۔
38۔ ’’یَاعَلِیُّ‘‘ جو ورم (یعنی سوجن) پر 3بار پڑھ کر دم کرے ان شاء اللہ عزوجل صحت پائے گا۔
39۔ ’’یَاکَبِیْرُ‘‘ جو 9 دفعہ کسی بیمار پر پڑھ کر دَم کرے، ان شاء اللہ عزوجل صحت یاب ہو جائیگا۔
40۔ ’’یَاحَفِیْظُ‘‘ جو 16 بار ہر روز پڑھے ان شاء اللہ عزوجل ہر طرح بہادر رہے۔
41۔ ’’یَامُقِیْتُ‘‘ جس کی آنکھ سرخ ہو اور درد کرے 10 بار پڑھ کر دم کر لے۔
42۔ ’’یَاحَسِیْبُ‘‘ جو ہر روز 70 بار پڑھے گا ان شاء اللہ عزوجل ہر آفت سے محفوظ رہے گا۔
43۔ ’’یَاجَلِیْلُ‘‘ 10بار پڑھ کر جو اپنے مال و اسباب اور رقم وغیرہ پر دَم کر دے، ان شاء اللہ عزوجل چوری سے محفوظ رہے گا۔
44۔ ’’یَاکَرِیْمُ‘‘ اگر اپنے بستر میں اس کو پڑھتے پڑھتے سو جائے تو فرشتے اس کیلئے دُعا کریں گے، ان شاء اللہ عزوجل
45۔ ’’یَارَقِیْبُ‘‘ جو کوئی پھوڑے پھنسی پر 3بار پڑھ کر پھونک دے گا، ان شاء اللہ عزوجل شفا حاصل ہو گی۔
46۔ ’’یَامُجِیْبُ‘‘ جو کوئی 3بار پڑھ کر دَم کرے گا ان شاء اللہ عزوجل دردِ سر دُور ہو گا۔
47۔ ’’یَاوَاسِعُ‘‘ جس کو بچھو کاٹ لے وہ 70 بار پڑھ کر دَم کرے، ان شاء اللہ عزوجل زہر اثر نہ کریگا۔
48۔ ’’یَاحَکِیْمُ‘‘ 80 بار روزانہ پانچوں نمازوں کے بعد پڑھ لیا کرے، ان شاء اللہ عزوجل کسی کا محتاج نہ ہو گا۔
49۔ ’’یَاوَدُوْدُ‘‘ اس اسم کو 1000بار کھانے پر پڑھ کر جس جانب سے نامواقفت ہو اسے کھلا دے، ان شاء اللہ عزوجل دشمنی ختم ہو جائیگی۔
50۔ ’’یَامَجِیْدُ‘‘ جو گرمیوں میں اسے پڑھے گا ان شاء اللہ عزوجل پیاس سے مامون رہے گا۔
51۔ ’’یَابَاعِثُ‘‘ جو کوئی 7بار پڑھ کر اپنے اوپر پھونکے اور حاکم کے روبرو جائے ان شاء اللہ عزوجل حاکم مہربان ہو۔
52۔ ’’یَاشَھِیْدُ‘‘ 21بار صبح (طلوعِ آفتاب سے پہلے پہلے) نافرمان بچے یا بچی کی پیشانی پر ہاتھ رکھ کر آسمان کی طرف منہ کر کے جو پڑھے ان شاء اللہ عزوجل اس کا وہ بچہ یا بچی نیک بنے۔
53۔ ’’یَاحَقُّ‘‘ اگر قیدی آدھی رات کو ننگے سر 108 بار پڑھے گا، ان شاء اللہ عزوجل قید سے رہائی پائے گا۔
54۔ ’’یَاوَکِیْلُ‘‘ 7بار جو روزانہ عصر کے وقت پڑھ لیا کرے، ان شاء اللہ عزوجل آفت سے پناہ پائے۔
55۔ ’’یَاقَوِیُّ‘‘ اگر جمعہ کی دوسری ساعت میں بہت پڑھے گا، ان شاء اللہ عزوجل نسیان (یعنی بھولنے کا مرض) جاتا رہے گا۔
56۔ ’’یَامَتِیْنُ‘‘ جس بچے کا دودھ چھڑا دیا گیا ہو اسے کاغذغ پر لکھ کر پلا دیں، تسکین ہو گی اور ماں کا دودھ کم ہو تو اسی اسم پاک کو لکھ کر پلا دیں دودھ زیادہ ہو گا۔
57۔ ’’یَاوَلِیُّ‘‘ جو کوئی اس اسم کو بہت پڑھے گا، ان شاء اللہ عزوجل اس کی زوجہ اس کی فرمانبردار ہو جائیگی۔
58۔ ’’یَاحَمِیْدُ‘‘ 90 بار جس کی گندی باتوں کی عادت نہ جاتی ہو وہ پڑھ کر کسی خالی پیالے یا گلاس میں دم کر دے، حسب ضرورت اسی میں پانی پیا کرے، ان شاء اللہ عزوجل فحش گوئی کی عادت نکل جائے گی۔ (ایک بار کا دم کیا ہوا گلاس برسوں تک چلا سکتے ہیں)
59۔ ’’یَامُحْیِ‘‘ 7بار پڑھ کر اپنے اوپر دم کر لیجئے، گیس ہو یا پیٹ یا کسی بھی جگہ درد ہو یا کسی عضو کے ضائع ہو جانے کا خوف ہو، ان شاء اللہ عزوجل فائدہ ہو گا۔ (مدت علاج: تاحصولِ شفائ، روزانہ کم از کم ایک بار)
60۔ ’’یَامُحْیِیْ، یَا مُمِیْتُ‘‘ 7بار روزانہ پڑھ کر اپنے اوپر دم کر لیا کیجئے، ان شاء اللہ عزوجل جادو اثر نہیں کریگا۔
61۔ ’’یَاحَیُّ‘‘ جو کوئی بیمار ہو اس اسم کو ایک ہزار بار پڑھے، ان شاء اللہ عزوجل صحت پائے گا۔
62۔ ’’یَاقَیُّوْمُ‘‘ صبح کے وقت جو کوئی اس کو کثرت سے پڑھے گا، ان شاء اللہ عزوجل اس کا تصرف دلوں میں ظاہر ہو گا، یعنی لوگ اس کو دوست رکھیں گے۔
63۔ ’’یَاوَاجِدُ‘‘ جو کوئی کھانا کھاتے وقت ہر نوالہ پر پڑھا کریگا، ان شاء اللہ عزوجل وہ کھانا اس کے پیٹ میں نوکر ہو گا اور بیماری دُور ہو گی۔
64۔ ’’یَامَاجِدُ‘‘ 10بار پڑھ کر شربت وغیرہ پر دَم کر کے جو پی لیا کرے، ان شاء اللہ عزوجل بیمار نہ ہو گا۔
65۔ ’’یَاوَاحِدُ‘‘ 1001 بار جس کو اکیلے میں ڈر لگتا ہو، تنہائی میں پڑھ لے، ان شاء اللہ عزوجل اس کے دل سے خوف جاتا رہے گا۔
66۔ ’’یَااَحَدُ‘‘ جو کوئی اس اسم کو 9مرتبہ پڑھ کر حاکم کے آگے جائے ان شاء اللہ عزوجل عزت اور سرفرازی پائے گا، جو تنہا اسے ہزار بار پڑھے گا نیک بن جائیگا، ان شاء اللہ عزوجل
67۔ ’’یَاصَمَدُ‘‘ جو اسے ایک ہزار بار پڑھے گا، ان شاء اللہ عزوجل دشمن پر فتح پائے گا۔
68۔ ’’یَاقَادِرُ‘‘ جو وضو کے دوران ہر عضو دھوتے ہوئے پڑھنے کا معمول بنا لے، ان شاء اللہ عزوجل دشمن اس کو اغواء نہیں کر سکے گا۔
’’یَاقَادِرُ‘‘ مشکل آ پڑے تو 41 بار پڑھ لیجئے‘ ان شاء اللہ عزوجل آسانی ہو گی۔
69۔ ’’یَامُقْتَدِرُ‘‘ 20 بار جو روزانہ پڑھ لیا کرے، ان شاء اللہ عزوجل رحمتوں کے سائے میں رہے گا۔
’’یَامُقْتَدِرُ‘‘ 20 بار جو نیند سے بیدار ہو کر پڑھ لیا کریگا اس کے ہر کام میں مددِ الٰہی شامل رہے گی۔
70۔ ’’یَامُقَدِّمُ‘‘ جو جنگ یا کسی خوف کی جگہ پر بے چینی کی حالت میں ہو تو وہ اس اسم مبارک کثرت کرے۔
71۔ ’’یَامُؤَخِّرُ‘‘ 100 بار ہر روز پڑھنے والے کے ان شاء اللہ عزوجل سب کام پورے ہوں گے۔
72۔ ’’یَااَوَّلُ‘‘ 100 بار روزانہ پڑھ لیا کرے گا ان شاء اللہ عزوجل اس کی زوجہ اس سے محبت کرے گی۔
73۔ ’’یَاآخِرُ‘‘ جو کسی جگہ جائے اور اس اسم پاک کو پڑھ لے ان شاء اللہ عزوجل وہاں عزت و توقیر پائے گا۔
74۔ ’’یَاظَاھِرُ‘‘ گھر کی دیوار پر لکھ لیجئے، ان شاء اللہ عزوجل دیوار سلامت رہے گی۔
75۔ ’’یَابَاطِنُ‘‘ جو کسی کو امانت سونپے یا زمین میں دفن کرے تو ’’یَابَاطِنُ‘‘ لکھ کر اس شے کے ساتھ رکھ دے، ان شاء اللہ عزوجل کوئی اس میں خیانت نہ کر سکے گا۔
76۔ ’’یَاوَالِی‘‘ جو کوئی کورے پیالے پر لکھ کر اس میں پانی بھر کر گھر کے درودیوار پر ڈالے تو ان شاء اللہ عزوجل وہ گھر آفتوں سے محفوظ رہے گا۔
77۔ ’’یَامُتََالِی‘‘ مشکل ترین کاموں کیلئے اس کی کثرت بے حد مفید ہے۔
78۔ ’’یَابَرُّ‘‘ جو شخص 7مرتبہ پڑھ کر بچے پر دم کر کے اللہ تعالیٰ کی سپردگی میں دیدے، بالغ ہونے تک ان شاء اللہ عزوجل وہ بچہ بلائوں سے محفوظ رہے گا۔
79۔ ’’یَاتَوَّابُ‘‘ جو کوئی چاشت کی نماز کے بعد 360 بار اس کو پڑھے گا، اللہ تعالیٰ اس کو توبہ النصوع نصیب فرمائے گا، ان شاء اللہ عزوجل
80۔ ’’یَامُنْتَقِمُ، یَاعَفُوُّ‘‘ دشمن کو دوست بنانے کیلئے تین جمعہ تک اس کو کثرت سے پڑھے۔
81۔ ’’یَاعَفُوُّ‘‘ جس کے گناہ بہت ہوں وہ اس اسم پاک کی کثرت کرے، اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے اس کے تمام گناہ بخش دے گا۔
82۔ ’’یَارَئُ وْفُ‘‘ 10 بار جو کسی مظلوم کا کسی ظالم سے پیچھا چھڑانا چاہے، پڑھے پھر اس ظالم سے بات کرے ان شاء اللہ عزوجل وہ ظالم اس کی سفارش قبول کر لے گا۔
83۔ ’’یَامَالِکَ الْمُلْکِ‘‘ جو اس کی کثرت کریگا ان شاء اللہ عزوجل خوشحال ہو گا۔
84۔ ’’یَاذَاالْجَلَالِ وَالْاِکْرَام‘‘ اس کی کثرت سے خوصحالی نصیب ہو گی، اس کے ساتھ دعا کرنے سے دُعا مقبول ہو گی، ان شاء اللہ عزوجل
85۔ ’’یَامُقْسِطُ‘‘ شیطانی وسوسوں سے بچنے کیلئے 100 مرتبہ پڑھنا بہت مفید ہے، ان شاء اللہ عزوجل
86۔ ’’یَاجَامِعُ‘‘ جس کے عزیز و اقارب جدا ہو گئے ہوں، چاشت کے وقت غسل کر کے آسمان کی طرف منہ کر کے 10 بار اس اسم کو پڑھے اور ہر بار میں ایک انگلی بند کرتا جائے پھر اپنے منہ میں ہاتھ پھیرے، ان شاء الہل عزوجل تھوڑے عرصے میں سب جمع ہو جائینگے۔
87۔ ’’یَاغَنِیُّ‘‘ ریڑھ کی ہڈی، گھٹنوں، جوڑوں یا جسم میں کہیں بھی درد ہو، چلتے پھرتے، اٹھتے، بیٹھتے پڑھتے رہیں، ان شاء اللہ عزوجل درد جاتا رہیگا۔
88۔ ’’یَامُغْنِیْ‘‘ ایک بار پڑھ کر ہاتھوں پر دم کر کے درد کی جگہ پر ملنے سے ان شاء اللہ عزوجل سکون ملے گا۔
89۔ ’’یَامَانِعُ، یَامُعْطِیْ‘‘ 20 بار بیوی ناراض ہو تو شوہر اور اگر شوہر ناراض ہو تو بیوی سونے سے قبل بچھونے پر بیٹھ کر پڑھے، ان شاء اللہ عزوجل صلح ہو جائیگی۔ (مدت: تاحصولِ مراد)
90۔ ’’یَاضَآرُّ، یَانَافِعُ‘‘ جسے کوئی منصب ملے اور وہ اس پر قابم رہنا چاہے تو وہ ہر شب جمعہ اور ایامِ بیض (یعنی ہر اسلامی ماہ کی 15-14-13 تاریخ) میں 100 مرتبہ پڑھے۔
91۔ ’’یَانَافِعُ‘‘ 20 بار جو کسی کام کو شروع کرنے سے قبل پڑھ لے، ان شاء اللہ عزوجل وہ کام اس کی مرضی کے مطابق ہو گا۔
92۔ ’’یَانُوْرُ‘‘ جو سات مرتبہ سورۂ نور اور 1001 بار یانور پڑھے ان شاء اللہ عزوجل اس کا دل روشن ہو جائیگا۔
93۔ ’’یَاھَادِی‘‘ جو کوئی آسمان کی طرف منہ کر کے ہاتھ اٹھا کر اس اسم کو کثرت سے پڑھے اور وہ ہاتھ اپنے منہ اور آنکھوں پر مل لے، ان شاء اللہ عزوجل اہل معرفت کا مرتبہ پائے گا۔
94۔ ’’یَابَدِیْعُ‘‘ جس کو کوئی سخت مہم درپیش ہو 70,000بار پڑھے، ان شاء اللہ عزوجل کامیاب ہو گا۔
95۔ ’’یَابَاقِیْ‘‘ جو سورج نکلنے سے پہلے 100 بار پڑھے گا، ان شاء اللہ عزوجل دُکھ سے محفوظ رہے گا۔
96۔ ’’یَاوَارِثُ‘‘ جو اس کا ورد کریگا، ان شاء اللہ عزوجل اس کی عمر دراز ہو گی۔
97۔ ’’یَارَشِیْدُ‘‘ جو شخص کسی کام کی تدبیر نہ جانتا ہو وہ مغرب اور عشاء کے درمیان 1000بار پڑھے، ان شاء اللہ عزوجل صحیح تدبیر اس کے دل میں آ جائیگی۔
98۔ ’’یَاصَبُوْرُ‘‘ جس کو درد یا رنج یا مصیبت پیش آئے 33 بار پڑھے، ان شاء اللہ عزوجل سکون حاصل ہو گا۔
99۔ ’’یَامُؤَخِّرُ‘‘ جو اس نام کو کسی نماز کے بعد 100 بار پڑھے گا، ان شاء اللہ عزوجل اس کا دِل اللہ تعالیٰ کی محبت اور اسکی یاد میں رہے۔