• news
  • image

پیر سید جعفر علی شاہ ولی قادری (نارووال) اور خواجہ زندہ پیر صوفی رمضان نقشبندی (گوجرانولہ) میں سالانہ عرس منایا گیا۔

پیرملک مظہر حسین اعوان نقشبندی

صوفیاء نے اپنی صوفیانہ تعلیم و تربیت سے لاکھوں لوگوں کو حلقہ بگوش اسلام کیا انہوں نے تلوار نہیں اُٹھائی بندوق کی نالی سے انسان کا خون نہیں بہایااس خطہ پاک و ہند میں داتا علی ہجویری ،بہاوالدین ذکریا ملتانی ،خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ،مجدد الف ثانی ،پیر مہر علی شاہ گولڑوی ،پیر خواجہ محمد قاسم موہڑوی سرکار ، خواجہ زندہ پیر گھمکول شریف ،پیر سید جماعت علی شاہ صاحب اور سید جعفر علی شاہ الگیلانی القادری اور دیگر تمام اولیاء اکرام نے ہی فروغ اسلام کیا ہے ۔دعوت دین کا کام اعلیٰ اخلاق اور عملی حُسن کردار سے کیا ہے اور سینکڑوں سال گزر جانے کے بعد بھی جب ان ہستیوں کا نام سامنے آتا ہے اور دل و نگاہ ادب سے جُھک جاتے ہیں۔ ان ہستیوں میںپیر سید جعفر علی شاہ ولی قادریؒ کی ذات گرامی مشعل راہ طریقت بن کر ہمیشہ بیامن ہستی پر اپنی تابانیاں برساتی رہے گی۔آپ غوث الاعظم کی اولاد میں سے ہیںاور بچپن کے دور سے ہی خاموش طبع اور شریف انسان تھے اس لئے ہمیشہ عجز و انکساری اپنائی جس کی وجہ سے کم عمر ی میں ہی تمام مسائل شریعت و طریقت اور علوم منطق و فلسفہ کی روشنی سے آپکی چشم باطن منور تھی۔دین کی تبلیغ و اشاعت کے سلسلہ میںجب آپ نارووال کوٹلی باجوہ میں تشریف لائے تو یہ علاقہ غیر مسلموں کا گھڑ تھا اور بت پرستی عام تھی۔ہر طرف جہالت و گمراہی کے سیاہ بادل چھائے ہوئے تھے اور نفسانفسی کا عالم تھا ۔مگر جب اللہ کے ولی نے یہاں قدم رکھا اور لوگوں کو اسلام کی روشن تعلیمات سے روشناس کروایاتو ہزاروں غیر مسلم اسلام کی حقانیت اور سربلندی کی وجہ سے مشرف با اسلام ہوئے اور آپ نے اپنے حسن و کرداراور عمل و گفتار سے اس خطہ میں دین اسلام کے پرچم کو سربلند کیا اور ایک جہاں کو علم و حکمت سے منور فرمایا۔آپ کا وصال ہوئے بھی ابھی تقریباًساڑھے تین سوسال گزرچکے ہیں پر آپ کے مزار پرانوار پر آج بھی حاضری دے کر دلوں کو چین و سکون ملتا ہے۔آپ کے خاندان میں نیک و کار بزرگوںکا ایک طویل تسلسل چلا آرہا ہے اور آپ کے خاندان کے بزرگوں نے پیری مریدی کو پیشہ نہیں بنایابلکہ ہر دور میں اپنی جیب سے غریب و یتیم لوگوں کی ہمیشہ مدد کی۔آپ کے موجودہ گدی نشین صاحبزادہ پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی القادری اب آپ ؒ کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔آپ کسی تعارف کے محتاج نہیں دکھی انسانیت کی خدمت آپ کا مشغلہ ہیں آپ کافی عرصہ بیرون ممالک میں اپنا کاروبار کرتے رہے اور وہاں سے کمایا ہوا پیسہ یہاں آکر لوگوں کی ویلفیئر پر استعمال کرتے ۔آپ نے آستانہ عالیہ کوٹلی پلاٹ نارووال میں ایک مدرسہ بنایا ہوا ہے جہاں بچوں کو مفت دینی و دنیاوی تعلیم دی جاتی ہے اور فری رہائش و طعام کا بھی اہتمام ہے۔دین متین کی سربلندی اور تبلیغ وا شاعت میں آپ پیش پیش ہیں ،پاکستان مشائخ وعلماء کونسل کے بطور چیئرمین آپ دن رات تبلیغی مشن میں مصروف ہیں اور اسی پلیٹ فارم سے آپ فری میڈیکل کیمپ اور غریب و یتیم افراد میں مفت راشن کی تقسیم کا فریضہ بھی سرانجام دے رہے ہیں۔آپ کی قیادت میں بہت ہی مختصر وقت میں پاکستان مشائخ وعلماء کونسل کو ہرمیدان میں کامیابی و کامرانی مل رہی ہے ۔آپ کی زیرصدارت ہر سال حضرت پیر سید جعفر علی شاہ ولی القادری کے مزار پرعرس مبارک بڑے تزک و احتشام سے منایا جاتا ہے جو کہ گزشتہ دنوں دربار غوثیہ کوٹلی پلاٹ شریف میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔عرس تقریبات کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جسکی سعادت زینت القراء قاری محمد رفیق نقشبندی نے حاصل کی ۔عرس مبارک کی تمام ترتقریبات کی صدارت سجادہ نشین پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی القادری مرکزی چیئرمین پاکستان مشائخ وعلماء کونسل نے فرمائی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب پیر سید سعید الحسن شاہ گیلانی سجادہ نشین مراڑہ شریف نے کہا کہ عشق مصطفیؐ ہمارے ایمان کی اساس اور دین کی جان ہے جس کے فروغ کے سلسلے میں اولیاء امت نے گرانقدر خدمات سرانجام دین اور دامن مصطفیؐسے وابستہ ہوکر لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کیا ۔ قبل ازیں صوبائی وزیر مذہبی امور نے آستانہ عالیہ پر زیرتعمیر مرکزی جامع مسجدانوار قادریہ کی نقاب کشائی بھی فرمائی۔ عالمی مبلغ اسلام علامہ مفتی محمد جمال الدین بغدادی ،علامہ پیر سید برہان حیدر ،علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی اور علامہ الحاج پیر قاضی محمد یعقوب رضوی نے برصغیر پاک و ہند میں اسلام اولیاء اللہ کی انتھک محنتوں کوششوں سے پھیلا،اولیاء کرام کے حسن اخلاق سے متاثر ہوکر لوگ دائرہ اسلام میں داخل ہوئے ۔بزرگان دین نے ہر دور میں تکالیف و مصائب کو برداشت کرکے دین اسلام کے پرچم کو سربلند رکھا اور اپنے کردار و عمل سے لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کیا۔دامن مصطفیؐسے وابستہ ہو کر اولیاء اللہ نے کروڑوں غیر مسلموں کو مشرف با اسلام کیا ،سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ نے نوے لاکھ غیر مسلموں کو مسلمان کیا اور اسی اولیاء اللہ کی جماعت کے عظیم روحانی پیشوا حضرت بابا پیر سید جعفر علی شاہ ولی گیلانی قادری ؒ کا نام بھی دین کے ان بہادر سپاہوں میں شامل ہے کہ جنہوں نے ہمیشہ خالق کائنات کی رضا و خوشنودی کی خاطر مجاہدے کئے،بھوک پیاس کو برداشت کیا اور صبر وتحمل کے دامن کو کبھی بھی نہیں چھوڑا۔ تقریب میں ضلعی چیئرمین مشائخ وعلماء کونسل سیالکوٹ پیر سید فدا حسین شاہ زنجانی ،سجادہ نشین ڈونگیاں شریف پیر سید احمد رضا شاہ بخاری ،سجادہ نشین مدوکاہلواںپیر سید زاہد حسین گیلانی ،پیر صاحب علی پورسیداں شریف سید محفوظ الحسنین شاہ شیرازی ،پیر سید طلحہٰ شاہ بخاری ،سجادہ نشین ڈیریانوالہ پیر سید خالد حسین گیلانی ،پیر سید عامر گیلانی ،مرکزی ترجمان مشائخ وعلماء کونسل پیر ملک مظہر حسین اعوان نقشبندی ،سجادہ نشین جامع فیضان نبویؐ پیر حافظ محمد اشرف نقشبندی ،سربراہ انجمن خدام الاصفیاء سید عاطف گیلانی ،ڈاکٹر سید آصف سیف گیلانی و دیگر علماء و مشائخ مہمانان خصوصی تھے ۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن