نواز شریف کی ضمانت،ضابطہ ترسیل کی خلاف ورزی پر اسسٹنٹ رجسٹرار معطل
اسلام آباد (صباح نیوز)سپریم کورٹ نے نواز شریف کی رہائی کے احکامات کے ضابطہ ترسیل کی خلاف ورزی کرنے پر اسلام آباد سے اسسٹنٹ رجسٹرار کو بھی معطل کردیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ سے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کے احکامات کے ضابطہ ترسیل کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری ملازمین کی برطرفیوں میں ایک اور اضافہ ہو گیا ،عدالت عظمیٰ نے سپریم کورٹ اسلام آباد سے اسسٹنٹ رجسٹرار مجاہد کو بھی معطل کر دیا، اسسٹنٹ رجسٹرار کو فرائض کی انجام دہی میں لاپرواہی برتنے پر معطل کیا گیا ،اس طرح نوازشریف کی روبکار کی خلاف ضابطہ ترسیل پر معطل ملازمین کی تعداد چار ہو گئی ، روبکار کی خلاف ضابطہ ترسیل پر اسلام آباد سے 3، لاہور سے ایک ملازم معطل کیا جا چکا ہے۔یاد رہے گذشتہ ماہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت اور کوٹ لکھپت جیل سے راتوں رات رہائی کے معاملے پر سپریم کورٹ نے دو ملازم فیصلے کی فوری ترسیل کے الزام میں معطل کرد ئیے تھے۔ سپریم کورٹ اسلام آباد سے علی اور لاہور رجسٹری سے شہزاد نامی ملازم کو معطل کیا گیا،دونوں ملازمین نے عدالتی وقت ختم کے باوجود فیصلہ کی ترسیل کی، عدالتی اوقات کار دوپہر ساڑھے تین بجے تک ہیں ،ضمانت کے فیصلے کی فوری ترسیل سے نواز شریف رات پونے 1 بجے جیل سے رہا ہو گئے، فیصلہ رات9بجے لاہور بھیجا گیا تھا۔