• news

آمدن سے زائد اثاثہ کیس، شہباز شریف منگل کو نیب طلب

لاہور+ اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے+ نوائے وقت رپورٹ) احتساب عدالت نے شہباز شریف خاندان کے اکائونٹس میں ڈالرز منتقل کرنے اور منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار فضل داد اور قاسم قیوم کو 15روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے بتایا کہ رقوم منتقلی کے لیے شہباز شریف خاندان کے ملازمین اور دیگر کے اکائونٹس اور شناختی کارڈ استعمال کیے گئے۔ قاسم قیوم منی چینجر کا کاروبار کرتا ہے جس نے غیر قانونی طور پر شہباز شریف، حمزہ اور سلمان وغیرہ کے اکائونٹ میں ڈالرز اور درہم منتقل کیے۔ فضل داد شہباز شریف کا پرانا ملازم ہے جس پر الزام ہے کہ وہ مختلف لوگوں کے اکائونٹس میں رقم منتقل کرتا تھا۔ ادھر احتساب عدالت میں زیر سماعت کیس کے حوالے سے نیب نے شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 9 اپریل منگل کو طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب شہباز شریف سے تحقیقات کرے گی۔ احتساب عدالت کے جج کی جانب سے تفتیش فوری مکمل کرنے کے حکم کے بعدنیب لاہور کی جانب سے شہباز شریف کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور ان سے سوالات کے جوابات طلب کئے گئے ہیں۔ شہباز شریف سے اہلیہ کے نام جائیدادوں‘ غیرملکی بینک اکائونٹس‘ والد سے ملنے والی جائیداد کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔ سپریم کورٹ میں شہباز شریف اور فواد حسن فواد کی ضمانت منسوخی کیلئے اپیلوں پر جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ اپریل کو سماعت کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن