• news

ادویات کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ ہائیکورٹ کا پنجاب حکومت، ڈرگ اتھارٹی کو نوٹس

لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ کے خلاف دائر درخواست پر پنجاب حکومت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 11اپریل کو جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس امیر بھٹی ندیم سرور کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں پنجاب حکومت وفاقی حکومت اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ جان بچانے والی قیمتوں میں حکومت نے 9سے 15فیصد تک اضافہ کیا۔ ادویات بنانے والی کمپنیز نے حکومتی نوٹیفکیشن کی آڑ میں 100 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ادویات بنانے والی کمپنیز کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی۔ فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ عدالت ادویات کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ کرنے والی میڈیسن کمپنیز کے خلاف کاروائی کا حکم دے۔عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کی طرف سے حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی اور قرار دیا کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن