ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کاروائی کا حکم دیدیا: فواد چودھری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، صباح نیوز) وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نیب کی کارروائی قانون کے مطابق تھی، حمزہ شہباز کی ذمہ داری تھی کہ وہ نیب کے ساتھ تعاون کرتے۔ حمزہ شہباز نے تعاون کرنے کے بجائے نیب کی ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ اداروں پر حملہ کرنا مسلم لیگ(ن) کی روایت رہی ہے، ماضی میں ن لیگ نے سپریم کورٹ اور اب نیب پر حملہ کیا۔ ملک میں پہلی بار بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا گیا اور اب لاہور سے لاڑکانہ تک مافیا کی چیخیں سنائی دے رہی ہیں۔ جب 10 سال میں پاکستان کا قرضہ 3 گنا کردیا گیا تو اس سے کیا کام ہوئے؟ پاکستان میں معاشی مشکلات کی ذمہ داری 2 شخصیات پر عائد ہوتی ہے اور وہ آصف زرداری اور نواز شریف ہیں، ان دونوں نے جو کیا ہے اسی کو بھگتیں گے۔ حمزہ شہباز، مریم نواز، بلاول بھٹو ان دونوں کے فرنٹ مین ہیں کیونکہ یہ بچوں کے نام پر اپنی جائیدادیں رکھتے ہیں۔ حکومت کی، پیسے باہر بھیجے اور اب انہیں یہ کہتے ہوئے شرم نہیں آتی کہ ہمارے بچوں پر پاکستانی قوانین لاگو نہیں ہوتے۔ حمزہ شہباز کے گھر نیب کی کارروائی قانون کے مطابق تھی لیکن اسے جس طریقے سے ہینڈل کیا گیا یہ قانون کا مذاق اڑانے کے برابر ہے۔ احتساب کا عمل بلاول اور حمزہ شہباز کی دھمکیوں سے رکنے والا نہیں، اسے منطقی انجام تک پہنچنا ہے۔ پاکستان میں نہ جمہوریت کو کوئی خطرہ ہے، نہ معیشت کو خطرہ ہے اور فضل الرحمٰن کو بتادوں کہ اسلام کو بھی کوئی خطرہ نہیں ہے۔چوروں اور ڈاکوؤں کو خطرہ ہے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں فواد چودھری نے کہا کہ جب نواز شریف کے کیس عدالت میں جانے والے تھے وہ سڑک پر تھے مجھے کیوں نکالا۔ ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ ایف آئی اے کو ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ قیاس آرائیوں پر مبنی کرنسی ٹریڈ کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے اور یہ آپریشن سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ سے مل کر کیا جا رہا ہے۔