• news

گھوٹکی میں قبائلی تصادم‘ فائرنگ سے 3 افراد ہلاک‘ ورثاء کا شدید احتجاج

گھوٹکی (صباح نیوز) گھوٹکی میں قبائلی تصادم کے دوران فائرنگ سے سیلرو برادری کے تین افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہو گیا ہے۔ ورثاء نے لاشیں قومی شاہراہ پر رکھ کر سندھ پنجاب کی ِٹریفک بلاک کردی ہے۔ پولیس کے مطابق رونتی کے نواحی علاقے میں شر قبیلے کے مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے سیلرو برادری کے تین افراد ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ واقعہ کے بعد مقتول کے ورثاء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے لاشیں اوباڑو قومی شاہراہ پر رکھ کر سندھ اور پنجاب کی ٹریفک بلاک کردی جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق مظاہرین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران پولیس کو کال کرتے رہے پولیس کے تاخیر سے پہنچنے کے باعث جانی نقصان ہوا ہے اگر پولیس وقت پر پہنچتی تو شاید ایسا نہ ہوتا۔ مظاہرین نے ملزمان کی گرفتاری اور ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کچھ عرصے قبل کچے کے علاقے میں عمر شر کے بیٹے دین محمد کو قتل کیا گیا تھا۔ آج شر برادری کے مسلح افراد نے سیلرو برادری پر حملہ کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن