تعلیم اور صنعتی شعبوں کے مابین تعاون قابل تحسین ہے،صدر علوی
اسلام آباد(نا مہ نگار) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں ترقی و خوشحالی کے لئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر ترقی کی دوڑ میں آگے نکل رہی ہے، ہمارے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کو بہتر طورپر سمجھتے ہوئے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں دستیاب مواقع سے بھر پور استفادہ کرناچاہیے اور ملک کی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرناچاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایچ ای سی کے زیر اہتمام فنی تربیت کے مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے تقریب اور مقابلوں کے انعقاد پر ایچ ای سی اور ممتاز ٹیلی کام کمپنی "ہواوے" کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہواوے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں خدمات سر انجام دے رہا ہے۔تعلیم اور صنعت کے شعبوں کے مابین تعاون قابل تحسین ہے۔ اس قسم کا اشتراک کار صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بہت معاون ہوتا ہے۔ صدر نے ٹیکنالوجی کے شعبہ میں پیش ہائے رفت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی کے شعبہ میں چوتھا انقلاب بر پا ہو چکا ہے۔ انہوں نے مختلف شعبہ جات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں مختلف شعبہ جات میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال خوش آئند ہے۔ گزشتہ عام انتخابات کے انعقاد میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا گیا۔ الیکشن کمیشن نے آئی ٹی کے استعمال سے انتخاب کے عمل کو آسان بنایا اور انتخابات کے دوران جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے روابط آسان بنائے گئے۔ صدر مملکت نے کہاکہ انٹرنیٹ کے ذریعے دنیا ایک دوسرے کے قریب تر آرہی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے استعمال سے باہمی روابط میں آسانی پیدا ہوئی ہے اور آئی ٹی کے استعمال سے ہر قسم کی معلومات سیکنڈز میں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان بالخصوص خواتین گھر بیٹھ کر نئی ٹیکنالوجی کے استعمال سے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ان مواقع سے استفادہ کرسکتی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہاکہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں ایچ ای سی کا اہم کردار ہے۔