• news

عوام ووٹ سے بی جے پی اور اتحادیوں کو اقتدار سے باہر کریں: 600 بھارتی فنکاروں کا خط

نئی دلی (صباح نیوز) امول پالیکر، نصیر الدین شاہ، گریش کارنند اور اوشا گنگولی سمیت 600 سے زائد بھارتی فنکاروں نے ایک مشترکہ خط کے ذریعے بھارتی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں اپنے ووٹ کے ذریعے ’’بھارتیہ جنتا پارٹی اور اسکے اتحادیوں‘‘ کو اقتدار سے باہر بھارتی فنکاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کا نظریہ اور اسکا آئین اس وقت شدید خطرے سے دوچار ہیں۔ مذکورہ خط پر تمام فنکاروں نے دستخط کر رکھے ہیں اور یہ بارہ زبانوں میں ’’آرٹسٹ یونائٹ انڈیا‘‘ کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا۔ خط میں کہا گیا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات ملک کی تاریخ کے سب سے نازک انتخابات ہیں۔ بھارتی فنکاروں نے بھارتیوں کے نام اپنے خط میں لکھا کہ حکومت نے تمام اداروںکو پراگندہ کر دیا ہے اور بی جے پی نے جو پانچ برس قبل ترقی کے وعدے پر اقتدار میں آئی تھی، ہندوتوا کے غنڈوں کو نفرت اور تشدد کی سیاست کو ہوا دینے کی چھٹی دیدی۔ خط میں کہا گیا کہ نریندر مودی نے اپنی حکومتی پالیسیوں کے ذریعے کئی لوگوں کی زندگیاں تباہ کیں اور وہ اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہے۔ امیروں کی دولت میں اضافہ ہوتا گیا جبکہ غریب مزید غریب ہوتا گیا۔ فنکاروں نے لکھا کہ وہ اپنے ساتھی شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ محبت، صبر و تحمل، مساوات اور سماجی انصاف کے حق میں ووٹ دیں اور ظلم و ستم کی طاقتوں کو شکست دیں۔ یاد رہے کہ دو سو سے زائد بھارتی قلمکاروں اور دانشوروں نے بھی چند روز پہلے اپنے ایک مشترکہ خط کے ذریعے بھارتیوں پر زور دیا تھاکہ وہ ووٹ کے ذریعے بی جے پی کو شکست دیں۔

ای پیپر-دی نیشن