نیب کا وطیرہ بن چکا سیاستدان کرپٹ ہیں‘ پی ٹی آئی کیلئے آزاد کیوں نہیں: خورشید شاہ
سکھر (صباح نیوز + آن لائن) پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نیب کا وطیرہ بن چکا ہے کہ ملک میں سیاستدان کرپٹ ہیں۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نیب کا ٹرینڈ چل چکا ہے کہ ملک میں سیاستدان کرپٹ ہیں۔ کرپشن کو ختم کرنے کیلئے اگر صرف سیاستدانوں کو گرفتار کیا جائے تو یہ غلط ہے۔ نیب بنانے کا مقصد ملک سے کرپشن کا خاتمہ تھا۔ پہلے نوازشریف پھر شہبازشریف اور اب حمزہ شہباز کے خلاف نیب کارروائی کر رہی ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کرپشن میں حکومت کے بھی لوگ ملوث ہیں۔ نیب آزاد ادارہ ہے تو پی ٹی آئی کیلئے آزاد کیوں نہیں ہے؟ عمران خان کی چیئرمین نیب سے ملاقاتیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان نے سب سے بڑا جھوٹ بولا۔ ایک کروڑ لوگوں کو نوکری دوں گا۔ سات ماہ میں ایک بھی بندے کو نوکری نہیں دی گئی اور سات ماہ میں بجلی‘ گیس‘ پٹرول‘ ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ عمران خان سے سب مایوس ہیں۔ حکومت کو عوام کے مسائل کا علم نہیں ہے۔ پٹرول‘ گیس اور ادویات کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ کوئی پوچھنے والا نہیں۔ حکمرانوں کو پتہ نہیں بھوک کیا ہوتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا ہم نے جو وعدہ کیا پورا کیا۔ خیبر پی کے کو شناخت دی۔ صوبوں کو خودمختاری دی۔ لوگوں کو روزگار دیا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ ایم کیو ایم اور عمران خان کا نظریہ ایک ہی ہے۔ دونوں دہشت گردوں کے سپورٹر رہے ہیں۔