• news

انصاف پر مبنی ایک فیصلہ برسوں کی عبادت سے بڑھ کر ہوتا ہے‘ جسٹس سردار محمد شمیم

لاہور(وقائع نگار خصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس سردار محمد شمیم خان نے کہا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب جوڈیشل اکیڈمی اور انکی ٹیم کی کارکردگی قابل ستائش ہے کہ وہ صوبہ بھر کے ججز اور لاء افسران کو بہترین تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ججز کی کارکردگی اور استعدادکار میں اضافہ وقت کا اہم تقاضا ہے۔ شعبہ قانون سمندر کی مانند ہے اور اس سے تعلق رکھنے والے ہر شخص کے سیکھنے اور سکھانے کا عمل جاری رہتا ہے۔ فاضل چیف جسٹس پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں تربیتی کورس مکمل کرنے والے جوڈیشل افسران سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ چودھری ہمایوں امتیاز، ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی نذیر احمد گجانہ ، سیکرٹری ٹو چیف جسٹس جمیل حسین بلوچ اور تربیتی کورس مکمل کرنے والے جوڈیشل افسران بھی موجود تھے۔ فاضل چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ان تربیتی کورسز کا مقصد ججز کی سوچ، ویژن اور فیصلہ سازی کی قوت مزید نکھار لانا ہے۔ تاکہ تمام ججز فریقین کو دلجمعی اور دلچسپی سے سنیں اور قانون و میرٹ کے مطابق فیصلے کریں۔فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ یہاں سے تربیت مکمل کرنے والے ججزاس تربیتی کورس سے بھرپور استفادہ کریں گے اور فیلڈ میں جا کر اس کا بھرپور عملی مظاہر ہ کریں گے۔فاضل چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ہمارے لئے باعث اعزاز ہے کہ ہم نظام عدل سے منسلک ہیں۔ عدل کرنا اللہ تبارک وتعالیٰ کی صفت ہے اور اللہ پاک نے اپنی یہ صفت ہمیں عنایت فرمائی ہے۔ ہمارا کوئی بھی عمل اس بزرگ و برتر ذات سے پوشیدہ نہیں ہے۔ انصاف پر مبنی ایک فیصلہ سالوں کی عبادت سے بڑھ کر ہوتا ہے اور اگر کوئی جج کسی مقدمہ میں انصاف نہیں کرتا تو دنیا و آخرت میں اس کا جوابدہ ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن