مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج نے آپریشن کے بہانے 2 طالب علم شہید کر دیئے‘ مظاہرے‘ جھڑپیں‘ متعدد زخمی
سری نگر (نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی + صباح نیوز) کشمیر میڈیا سروس نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے امام صاحب میں 2 طلباء کو شہید کر دیا۔ شہید جوان راشد شیخ ایم ٹیک کا طالب علم تھا۔ چڈورا سے 5 کشمیری نوجوانوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ہفتہ کو ضلع شوپیاں میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے امام حاصب میں پڈ گچی کے مقام پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔ ضلع کولگام کے علاقے پونیوہ میں بھارتی فورسز کی طرف سے ایک امام مسجد کی گرفتاری کی کوشش پر لوگوں نے زبردست مظاہرے کیے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دورا ن ایک مقامی امام مسجد کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم لوگوں نے بھارتی فورسز اہلکاروں پر پتھرائو کر کے انکی یہ کوشش ناکام بنا دی۔ فورسز اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیںجس سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔ ہائیکورٹ نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیرقانونی نظربندی کے خلاف دائر ایک عرضداشت پر قابض انتظامیہ سے چھ مئی تک جواب طلب کیا ہے۔ دریں اثنا ہائیکورٹ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ محمد یاسین ملک طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔ پرنسپل اینڈ سیشن سرینگر کی عدالت نے سنٹرل جیل انتظامیہ کوہدایت کی ہے کہ وہ نظربندوں کی خیریت معلوم کرنے کیلئے وکلاء کے ایک گروپ کو جیل کے دورے کی اجازت دے اور اسے اس حوالے سے سہولیات فراہم کرے۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے قابض انتظامیہ کی طرف سے جامع مسجد سرینگر کو ایک مرتبہ پھر سیل کرکے لوگوں کو یہاں نماز جمعہ پڑھنے سے روکنے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کشمیریوں کے دینی جذبات کو بھی بری طرح سے مجروح کر رہی ہے۔ قابض انتظامیہ جامع مسجد سرینگر کو بار بار نشانہ بنا کر کشمیریوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچا رہی ہے۔سوپور میں نامعلوم افراد نے چھٹی پر آئے مسلمان فوجی پر فائرنگ کردی جو موقع پر دم توڑ گیا۔