• news

نواز‘ شہباز‘ زرداری پیسے دیں یا جیل کاٹیں: فواد چودھری

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز، نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ 10 سالوں کے اندر 60 ارب ڈالر کا قرضہ اور یہ سارا پیسہ حکمرانوں کی جیبوں میں گیا۔ جب ان کے خلاف کارروائی کی جائے تو وہ جمہوریت کے پیچھے چھپ جاتے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کسی بھی شخص کے ساتھ ذاتی دشمنی نہیں ہے۔ جن کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے‘ ان کے خلاف واضح ثبوت موجود ہیں۔ حمزہ شہباز کے گھر پر نیب کے چھاپے سے متعلق فواد چودھری نے کہا کہ یہ معاملہ نیب کے پاس ہے۔ اس میں ان کی کوئی مداخلت نہیں ہے۔ حمزہ شہباز نیب کو گرفتاری نہیں دی اور بچوں اور عورتوں کو اپنے لئے ڈھال بنائے رکھا۔ لاہور میں چلنے والے ڈرامے کے مرکزی کردار حمزہ شہباز ہیں۔ شریف برادران چاہتے ہیں کہ قانون ان کی مرضی کے مطابق چلے۔ عوام کا لوٹا گیا پیسہ ہر صورت واپس لایا جائے گا۔ وقت آگیا ہے ہم سیاست اور جرم میں فرق کریں۔ شہبازشریف کے خلاف الزامات کے ثبوت موجود ہیں۔ شریف فیملی اور زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں۔ اپوزیشن چوری بچانے کیلئے ادھر ادھر بھاگ رہی ہے۔فضل الرحمن پارلیمنٹ سے نکل کر پاگل پن کا شکار ہیں۔ نوازشریف، شہبازشریف اور آصف زرداری کے لیے قانون میں پلی بارگین اور جیل کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ لوٹنے والوں اور سیاستدانوں میں تفریق کرنا ہوگی، جرم کو سیاست کی ڈھال نہیں بننے دینا چاہیے ۔ زرداری اور شریف خاندان کی معصوم سی خواہش ہیکہ ان سے کوئی نہ پوچھے لیکن یہ نہیں ہوسکتا آپ قوم کے اربوں روپے کھالیں اور کوئی نہ پوچھے۔فواد چوہدری کا اسلامی نظریاتی کونسل پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کا فتویٰ دیکھا ہے کہ ہتھکڑی لگانا بھی غیرشرعی ہے، عجیب سی بات ہے جب کرپٹ پر ہاتھ ڈالتے ہیں تو ہمیں اسلام یاد آجاتا ہے۔ اسد عمر سمیت معاشی ٹیم ایمنسٹی سکیم کی خدوخال بنارہی ہے جس کا جلد اعلان ہوگا۔ زرداری اتنی دھمکی دیں جتنی برداشت کرسکیں۔ ترجمان وزیراعلی پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ نیب آزاد ادارہ ہے وہ کارروائی سے متعلق ہمیں بتانے کا پابند نہیں۔ حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے نیب چھاپے پر ر دعمل میں کہا نیب آئین کے تحت اپنے معاملات چلاتا ہے، حکومت ملوث نہیں ہوتی۔کسی کو قانون کو توڑنے کی اجازت نہیں دیں گے، اگر نیب کے پیچھے حکومت ہوتی تو یہ کل ہی گرفتار ہو جاتے، ہم پر یہ اعتراض ہے کہ ہم نے ان لوگوں پر صحیح ہاتھ نہیں ڈالا۔ نواز شریف خاندان نے تین ،شہباز شریف خاندان نے ایک اور آصف علی زرداری نے پانچ ارب ڈالر باہر بھیجے بد عنوانوں پر ہاتھ ڈالتے تو یہ پارلمنٹ اور جمہوریت کے پیچھے چھپتے ہیں،لوٹ کے مال کی برامدگی کی بات ہوتی ہے تو ان کو عوام کے حقوق یاد آجاتے ہیں ، ان لوگوں کے کرتوتوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے ،انہوں نے کہا کہ ڈالر کے حالے سے کریک ڈائون کا فیصلہ کیا جس سے ڈالر کی قیمت کم ہوئی ہے ، ایسٹ ڈیکلریشن سکیم لا رہے ہیں ،صنعت دوست بجٹ لائیں گے ، فضل الرحمان ایسی حرکتیں کر رہے ہیں جیسے شیطان کو جب جنت سے نکالا گیا تھا جو اس وقت شیطان کی حرکتیں تھیں۔

ای پیپر-دی نیشن