کوہاٹ: پسند کی شادی کر نے پر نوجوان کا لرزہ خیز قتل
کوہاٹ(آن لائن )خیبر پی کے کے علاقے کوہاٹ کی قبائلی حصیل درہ آدم خیل میں ایک نوجوان کو پسند کی شادی کرنے پر اینٹیں مار کر قتل کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قتل ہونے والے شخص نے چند ماہ قبل ایک قبائلی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی۔جنگل خیل علاقے کے رہائشی کی مسخ شدہ لاش حافظ آباد کے قریب سے برآمد ہوئی جسے انتہائی بے دردی سے اینٹیں اور پتھر مار کر قتل کیا گیا تھا۔ مقتول نے چند ماہ قبل شادی کی تھی اور اس کی اہلیہ اپنے اہلِ خانہ کی مخالفت کے باوجود اس سے شادی کرنے کیلیے تیار ہوگئی تھی، جسے انہوں نے اپنی تذلیل سمجھا۔مذکورہ شخص کے والد نے اپنے بیٹے کے قتل کا الزام میں درہ آدم خیل سے ہی تعلق رکھنے والے قاسم خیل قبیلے کے فضل اکبر کو نامزد کیا۔بعد ازاں علاقہ پولیس نے قتل کے خلاف مقدمہ درج کر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا آغاز کردیا۔قبل ازیں 4 فروری کو بھی کوہاٹ میں ایک شخص نے غیرت کے نام پر اپنی بہن اور ایک نوجوان کو قتل کردیا۔پولیس نے بتایا تھا کہ بہزادی چکہ کوٹ کے علاقے نوری آباد میں ایک شخص نے اپنی بہن کو اس کے اپنے ہی گھر میں مبینہ طور پر آشنا کے ساتھ قابلِ اعتراض حالت میں پا کر قتل کیا۔اس سے قبل کوہاٹ کے علاقے سورگال میں غیرت کے نام پر مبینہ طور پر والد اور بھائی نے 17 سالہ لڑکی کو گلا دبا کر قتل کردیا تھا۔