سیٹلائٹ شکن تجربہ :بھارت نے ناسا کا اعتراض مسترد کر دیا
نئی دلی(صباح نیوز)بھارت نے سیٹلائٹ شکن تجربے سے خلائی ملبے میں اضافے سے متعلق امریکی خلائی ادارے ناسا کے موقف کو مسترد کردیا۔ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے سربراہ جی ساتھیش ریڈی نے کہا کہ سیٹلائٹ شکن تجربہ اس حکمت عملی کے تحت تیار کیا گیا کہ خلائی ملبہ بہت جلد تحلیل ہوجائے۔ خیال رہے کہ بھارت نے اپنے خلائی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے 186میل دور موجود اپنی ہی سیٹلائٹ کو ملک میں تیار کردہ بیلسٹک میزائل سے تباہ کرنے کا دعوی کیا تھا۔جس کے بعد ناسا کے انتظامی سربراہ جم برائڈنسٹائن نے سیٹلائٹ شکن تجربے کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے نہ صرف خلائی ملبے میں اضافہ ہوا بلکہ یہ عالمی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس)کے لیے بھی خطرہ بن گیا ہے۔