امریکی نائب وزیرخزانہ ڈیوڈ میلپاس ورلڈ بنک کے نئے صدرمنتخب
نیویارک(این این آئی )عالمی بینک کے ایگزیکٹو بورڈ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد کردہ ڈیوڈ میلپاس کو نیا صدر منتخب کر لیا ہے۔ وہ اس منصب کے لیے واحد امیدوار تھے۔ میلپاس کا انتخاب جم یونگ کم کے اچانک مستعفی ہونے کے بعد کیا گیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بینک کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ امریکا کے نائب وزیر خزانہ برائے بین الاقوامی امور ڈیوڈ میلپاس منگل نو اپریل سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اسی روز ورلڈ بینک اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی بہاریہ میٹنگ کا آغاز ہو گا۔ میلپاس نے روئٹرز کو بتایا کہ وہ غربت کم کرنے کی بنیادی پالیسی کو مستحکم بنائیں گے۔ گزشتہ تہتر برسوں سے عالمی بینک کا صدر امریکی صدر ہی نامزد کرتا چلا آ رہا ہے۔