سرکاری یونیورسٹیوں میں اہم عہدوں پر عدم تقرریوں اور درسی کتب مہنگی ہونے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحاریک التواء جمع
لاہور (لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ ن کی ایم پی اے عظمیٰ زاہد بخاری نے پنجاب کی 20 سرکاری یونیورسٹیوں میں اہم عہدے خالی ہونے کیخلاف اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرا دی۔ پنجاب کی 20 سرکاری یونیورسٹیوں میں مستقل رجسٹرار، خزانچی اور کنٹرولرامتحانات کے اہم عہدے خالی ہیں۔ ان یونیورسٹیوں میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، یو ای ٹی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی شامل ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی، دی یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ سمیت صوبہ بھر کی متعدد جامعات بھی شامل ہیں۔ بعض سرکاری یونیورسٹیوں میں چار چار سال سے انتظامی عہدوں پر نگران چارج پر تعینات ہیں۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی درسی کتب 12 فیصد تک مہنگی کر نے کیخلاف اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرا دی۔ پنجاب بک بورڈ نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھو لیے، بچوں کی کتابوں کے دام بڑھا دیئے۔کتابیں نا صرف مہنگی کی گئی ہیں بلکہ بازار میں دستیاب بھی نہیں ۔جس کی باعث بچے، والدین دکانوں کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے چھپائی کا ٹینڈر دینے میں تاخیر کی۔جس کی وجہ سے کورس کی کئی کتابیں بازار میں دستیاب نہیں۔