• news

حکو مت کے پا س کوئی لا ئحہ عمل نہیں ہے ، مصطفی کما ل

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں عوام پر پیٹرول بم گرایا گیا اور اب فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کر دی گئی ہے۔ حکومت کے پاس کوئی لائحہ عمل نہیں، ملک میں غربت نہیں غریبوں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے، سفید پوش مڈل کلاس گھرانوں کے لیے عزت سے جینا دشوار کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سید مصطفی کمال نے پاکستان ہاؤس میں شعبہ خواتین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی بلقیس مختیار، نیشنل کونسل آسیہ اسحاق، صوفیہ سعید، صدر وومن ونگ فوزیہ طیب بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر سید مصطفی کمال نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنائے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، آج پاک سرزمین پارٹی کا شعبہ خواتین سب سے زیادہ متحرک ہے، اپنی ماؤں بہنوں کو پارٹی کا نظریہ اور منشور گھر گھر پہنچانے میں اہم ترین کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ملک کا موجودہ نظام ناکام ہو چکا ہے، عمران خان اس نظام کی آخری امید تھے اور وہ بھی ناکام ہو گئے ہیں۔ عوام کے پاس پاک سرزمین پارٹی کے علاوہ اب کوئی آپشن نہیں، ہم نے 120 ممالک سے بڑا شہر ٹھیک کر کے دکھایا تھا اور اسی تجربے کی بنیاد پر ملک کو بھی بہتر کر سکتے ہیں۔ پاک سرزمین پارٹی اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کی بقاء کیلئے پوری نیک نیتی کے ساتھ جدوجہد کر رہی ہے، خواتین پارٹی کا پیغام لے کر گھر گھر جائیں ہم مظلوموں کی ایک ایسی طاقت بنا رہے ہیں جس پر ظالم ظلم کرنے سے ڈرے اور ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کو ایک بہتر پاکستان اور روشن مستقبل مل سکے۔

ای پیپر-دی نیشن