چین میں سربیا اور البانیہ کے سفیروں کا دورہ سنکیانگ
بیجنگ(اے پی پی) سنکیانگ ویغور خود اختیار علاقے کی مقامی حکومت کی دعوت پر چین میں سربیا اور البانیہ کے سفیروں نے سنکیانگ کے شہر وں ارموچی اور ترفان کا دورہ کیا۔ سنکیانگ ویغور خود اختیار علاقے کے چیئرمین شکرت زکیر نے سنکیانگ کے معاشی و سماجی شعبے سمیت دیگر شعبہ جات میں حاصل کردہ کامیابیوں اور انسداد دہشت گردی کے لئے حکومتی کوششوں سے آ گاہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سنکیانگ میں استحکام برقرار رکھنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔اس موقع پر سربیا اور البانیہ کے سفیروں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے انہیں سنکیانگ ویغور علاقے کی صورت حال کو زیادہ بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد ملی ہے۔ سفیروں نے اس بات کا برملا اظہار کیا کہ چین کی حکومت نے قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے دہشت گردی اور شدت پسندی کو کم کرنے کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔