امریکہ اور یورپ، شام، یمن، افغانستان میں بچوں کی ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں: پوپ فرانسس
ویٹی کن سٹی (آئی این پی ) پوپ فرانسس نے تارکین وطن کے ساتھ ناروا سلوک کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ‘ امریکہ تارکین وطن سے آباد ہوا آج انہیں روکا جارہا ہے، امریکہ اور یورپ،شام ، یمن اور افغانستان میں بچوں کی ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں۔ امیر مغربی ممالک شورش ذدہ علاقوں میں ہتھیار فروخت کرکے تنازعات کو ہوا دے رہے ہیں۔ہتھیار نہ ہوتے تو شام، افغانستان اور یمن جیسے ملکوں میں جنگیں نہ ہوتیں۔ویٹی کن سٹی میں میلان سان کارلوانسٹی ٹیوٹ کے طلبا اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے تارکین وطن کے معاملے پر اظہار برہمی کیا اور کہا جو لوگ دیوار بنا رہے ہیں وہ دیوار کے اندر ہی قید ہوجائیں گے۔پوپ فرانسس نے مشرق وسطی میں بچوں کی موت کا ذمہ دار یورپ اور امریکہ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان، شام اور یمن میں معصوم بچے امریکہ اور یورپ کی وجہ سے مر رہے ہیں۔مسیحی پیشوا کا کہنا تھا اگر یہ امیر ممالک جنگ کیلیے ہتھیار نہ فراہم کریں تو معصوم لوگوں اور بچوں جانیں بچ سکتی ہیں۔