• news

پی پی‘ ن لیگ خاموش‘ صرف جے یو آئی اپوزیشن کر رہی ہے: فضل الرحمن

کندھ کوٹ (آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ خود کو بڑی پارٹیاں کہتے ہیں ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ ابھی بھی خاموش ہیں ۔ اس وقت صرف جے یو آئی ہی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ اتوار کو مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس کے دوران (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ خود کو بڑی پارٹیاں کہتے ہیں ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ ابھی بھی خاموش ہیں۔ اس وقت جے یو آئی ہی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ 18 ویں ترمیم ختم کرنا قومی امانت کے ساتھ غداری ہے۔ عمران خان کو ہٹانا ہی ملک اور عوام کی بہتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل حکومت کا خاتمہ ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی اختیارات پر غور کرنا آئین پر دوبارہ غور کرنا ہے۔ آئین پر دوبارہ غور کرنے کی کوئی گنجائش نہیں۔ ہم سڑکوں پر نکل چکے ہیں۔ اب تک 10 ملین مارچ کر چکے ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں بتائیں کب ہمارے ساتھ آئیں گی؟ ہم اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آئین کی طرح 18 ویں ترمیم پر بھی دوبارہ غور کرنے کی گنجائش نہیں۔ فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری سیاسی طور پر بد اخلاقی کا مظاہرہ ہے۔ پاکستان میں آج تک کبھی ایسا نہیں ہوا کسی معزز کے گھر جاکر گرفتار کریں۔ نیب کی گرفتاری سے کیا ہوا پھر عدالت نے گرفتاری سے روک دیا۔ تبدیلی تو ایسے ہی آئے گی، مہنگائی بڑھے گی اور پیسے کی قدر کم ہوگی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ ہی غلط تھا اس کا کون حساب کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن