بی آر ٹی منصوبہ: پرویز خٹک نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے کی انسپکشن ٹیم رپورٹ مسترد کر دی
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پشاور میٹرو کی رپورٹ پر سابق وزیراعلیٰ و وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان آمنے سامنے آ گئے۔ سابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے موجودہ وزیراعلیٰ کی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ کو مسترد کر دیا۔ پرویز خٹک نے نجی ٹی وی پر انٹرویو میں کہا تھا کہ انسپکشن ٹیم جو کہہ رہی ہے کہنے دیں‘ چیلنج کرتا ہوں کہ وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کی رپورٹ غلط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ثابت کرنا ہو گا کہ بی آر ٹی منصوبے کی لاگت میں 25 فیصد اضافہ کہاں ہوا؟ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں صوبائی انسپکشن ٹیم نے اپنی رپورٹ میں بی آر ٹی مصنوبے میں کئی خامیوں کی نشاندہی کی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بی آر ٹی منصوبہ مناسب منصوبہ بندی کے بغیر شروع کیا گیا۔ ڈیزائن میں تبدیلی کے باعث منصوبے کی لاگت میں اضافہ ہوا اور عوام کے پیسے کو بی آر ٹی پر ضائع کیا گیا۔