عوام کو لوٹنے والے رعایت کے مستحق نہیں، عثمان بزدار: منافع خوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب حکومت نے مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈائون کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کابینہ سب کمیٹی پرائس کنٹرول کو اس ضمن میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلا امتیازکارروائی کی جائے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے فوری طور موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈ پٹی کمشنرزاپنے اضلاع میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیارپر کڑی نظر رکھیں۔ اتوار بازاروں میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے ۔ مصنوعی مہنگائی کے ذ ریعے عوام کو لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انتظامیہ اور متعلقہ محکمے فیلڈ میں نکلیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے فعال انداز میں فرائض سر انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ منافع خور مافیا کو من مانی کی اجازت نہیں دیں گے اورعوام کو کسی بھی صورت ناجائزمنافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا کیونکہ مجھے عوام کا مفاد سب سے زیادہ مقدم ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ملاقات کی ۔ قاسم خان سوری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ان کے والد سردار فتح محمد خان بزدار کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک ا نصاف کی حکومت نے مختصر مدت میں فلاح عامہ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں-کھوکھلے نعرے لگانے کا دور گزرچکا ہے۔ ماضی کی حکومتوں کی کرپشن اورنااہلی کے باعث معیشت تباہ ہوئی۔ عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے جامع پروگرام پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ صوبے کی پائیدار ترقی اورعوام کی خوشحالی کے پروگرام پر عملدر آمد کے مثبت نتائج سامنے آئیںگے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراختر مینگل کی قیادت میں وفد نے بھی ملاقات کی اور سردار فتح محمد خان بزدار کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے اور بلوچستان میں بسنے والے ہمارے بھائی ہیں ۔بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان بھی آگے بڑھے گا۔ ملاقات کرنیوالوں میں سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمال دینی، ثناء اللہ بلوچ، اکبر مینگل،ملک نصیر شاہوانی، احمد نواز بلوچ،ہاشم،ایمل کلماتی ،اختر حسین اوردیگر شخصیات شامل تھیں۔