زرداری کا لاہور میں پاکستان کا دوسرا بڑا گھر‘ اثاثے کہاں سے آئے؟ نعیم الحق
اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف اور چوروں نے ملک کو جس بے دردی سے لوٹا اس کی مثال نہیں ملتی۔ بلاول کے انداز سے لگتا ہے ان کا پاکستانی عوام سے تعلق نہیں‘ رواں سال ہی پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ہو جائیں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم کھیلوں کے بارے میں بہت غور کر رہے ہیں‘ نہ صرف کرکٹ بلکہ مختلف کھیلوں میں ٹیلنٹ سامنے لانا ہے۔ حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لئے نیب کے چھاپے سے متعلق بات کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ نیب کی ٹیم قانون کے مطابق حمزہ شہباز کے گھر گئی تھی لیکن حمزہ شہباز نے دو دن تک مزاحمت کی‘ لاہور میں دو دن سے جو تماشا ہو رہا تھا وہ حمزہ شہباز کے گھر کے اندر تھا۔ وزیراعظم کی طرف سے نیب کو کسی بھی قسم کے احکامات نہیں دیئے جا رہے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب کا لاہور میں پاکستان کا دوسرا بڑا گھر ہے‘ معلوم ہونا چاہئے یہ اثاثے کہاں سے بنائے۔ بلاول ابھی ناسمجھ ہیں‘ انگریزی سٹائل سے لگتا ہے ان کا پاکستانی عوام سے تعلق نہیں ان کو ابھی تک پاکستانی سیاست کی سمجھ بوجھ نہیں ہے۔