غزہ: اسرائیلی فورسز کی پرامن احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر فائرنگ، 85 زخمی
غزہ (این این آئی + نیٹ نیوز) اسرائیلی فورسز نے غزہ کی سرحد پرفلسطینیوں کے پرامن مارچ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 85 افراد زخمی ہو گئے۔ غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں نے اسرائیلی کے غاصبانہ قبضے کے خلاف بڑا مارچ کیا۔فورسز نے پرامن مظاہرین پر اندھادھند گولیاں چلائیں اور آنسو گیس کے شیل پھینکے جس سے 85 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ مقامی نوجوانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔ دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے دیئے گئے غیر ذمہ دارانہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے یکسر طورپر مسترد کر دیا ہے۔ سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق فلسطینی صدارتی ترجمان نبیل ابورددینہ کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کا بیان اسرائیلی حکمت عملی کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کا مقصد انقسام کو دوام بخشنا اور غزہ کی چھوٹی ریاست کی تیاری ہے۔ اس طرح بیت المقدس اور اس کے مقدس مقامات سے دست برداری کویقینی بنانا ہے۔