لاہور چڑیا گھر کو 2 سال سے ہاتھی نہ مل سکا، زرافے اور گینڈے سے بھی محروم
لاہور (رپورٹ: چودھری اشرف) 2019ء کی پہلی سہ ماہی بھی گزر گئی جس میں لاہور چڑیا گھر کو ہاتھی میسر نہ آ سکا۔ محکمہ تحفظ جنگلی حیات اور چڑیا گھر کے حکام کے دعووں کے باوجود لاہور چڑیا گھر گزشتہ دو سال سے ہاتھی سے محروم ہے جبکہ زرافہ اور گینڈا جیسے جانور بھی لاہور چڑیا گھر کی زینت نہیں رہے ہیں۔ محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی جانب سے متعدد بار اس بات کا اعلان بھی کیا گیا کہ لاہور چڑیا گھر کو جلد ہاتھی فراہم کر دیا جائے گا تاہم حقیقی بنیادوں پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیزی سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے جس کے باعث جانوروں کے گرمی سے متاثر ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔ چڑیا گھر انتظامیہ نے ابھی تک جانوروں کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں۔ آفیشل کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہاتھی رواں مالی سال میں ہی آ جائے گا جس کے لیے پانچ کروڑ روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔