• news

اورنج لائن ٹرین منصوبہ 31 جولائی تک مکمل ہونیکا امکان، 90 فیصد کام ختم

لاہور (عدنان فاروق) سابق دور میں شروع ہونے والا اورنج لائن ٹرین منصوبہ بارہا تعطل کا شکار رہنے کے باوجود توقع ہے کہ 31جولائی تک مکمل ہوجائے گا۔ شہریوں کی سفری سہولتوں کے لئے ماس ٹرانزٹ کے دیگر دو منصوبے حکومتی عدم توجہ کے باعث فائلوں کی نذر ہوگئے، سابق دور میں پیپر ورک مکمل ہونے کے باوجود ان منصوبوں پر اب تک عملاً کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی، اورنج لائن منصوبے پر کام تکمیل کے قریب ہے، سول، الیکٹریکل اور مکینیکل کام مجموعی طور پر 90 فیصد کے قریب مکمل ہو چکا ہے تاہم فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے ابھی تک منصوبے سے ملحقہ سڑکوں کی بحالی اور سیوریج سسٹم کی بحالی کے کاموں میں تاخیر کا امکان ہے۔ ایل ڈی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم کی روشنی میں کام کر لیا جائے گا۔ جبکہ اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سے منسلک ماس ٹرانزٹ کے دو بڑے منصوبے پرپل لائن اور بلیو لائن ٹرین حکومت کی عدم توجہ کے باعث تعطل کا شکار ہیں، شہریوں کو سفری سہولتوں کی فراہمی کے لئے 20کلومیٹر طویل بلیولائن جو جناح ہال مال روڈ سے گرین ٹاؤن تک بنائی جانی تھی اور 19کلو میٹر طویل پرپل لائن جو داتا دربار سے ائیر پورٹ تک جانے کا منصوبہ تھا، اور سابق دور میں میں اس حوالے سے کاغذی کارروائی مکمل کر لی گئی تھی لیکن موجودہ حکومت میں مذکورہ دونوں منصوبوں پر مزید کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

ای پیپر-دی نیشن