پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دیا تو بھرپور جواب دینگے:255 ایرانی ارکان پارلیمنٹ
تہران (نیٹ نیوز)ایران کے ارکان پارلیمنٹ نے امریکہ کو خبردار کردیا ہے کہ اگر اس نے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دیا تو وہ بھرپور جواب دیں گے۔ایرانی پارلیمنٹ کے 290 میں 255 ارکان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘اگر اس فورس کے خلاف کارروائی کی گئی تو ہم اس پر جوابی کارروائی کریں گے’۔مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘امریکہ خود مشرق وسطیٰ میں دہشت گردوں کا تخلیق کار اور حامی ہے اور اس کے رہنما اس نامناسب اور احمقانہ کارروائی پر نادم ہوں گے’۔ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی حکام اپنے مفاد سے بڑھ کر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے مفاد کی خاطر پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دے کر ‘امریکہ کو ایک نئی دلدل میں پھنسانا چاہتے ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘نیتن یاہو پہلے کی رٹ لگانے والے ہمیشہ سے پاسداران انقلاب کو بیرونی دہشت گردوں کی فہرست میں ڈالنے کی سوچ میں لگے رہتے ہیں اور وہ خطے میں امریکی فورسز کو درپیش اس کے خطرناک انجام سے بھی آگاہ ہیں’۔جواد ظریف نے کہا کہ’ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چاہیے کہ امریکہ کو کسی نئے المیے میں ڈالنے سے پہلے حقیقی صورت حال کو سمجھ لیں'۔خیال رہے کہ امریکی عہدیداروں نے کہا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ طویل عرصے سے زیر غور فیصلے کا اعلان متوقع طور پر پیر تک کردے گی اور متعلقہ دفاعی عہدیدار اس کے اثرات سے آگاہ ہیں۔