حیدرآباد تھل: آسمانی بجلی گرنے سے 14 سالہ بچی جاں بحق، 20 افراد زخمی
بھکر، حیدرآباد تھل (نامہ نگاران) حیدرآباد تھل کے نواحی علاقہ چھینہ والا پر آسمانی بجلی گرنے سے 14 سالہ بچی جاں بحق، 20افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق حیدرآباد تھل کے نواحی علاقے چھینہ والا ڈھنگانہ میں محمد اسلم اپنے بچوں کے ہمراہ چنے کی فصل کاٹ رہا تھا شدید بارش اور آندھی کی وجہ سے وہ ایک درخت کے نیچے جا بیٹھا کہ اچانک آسمانی بجلی ان پرآ گری جس سے اس کی 14 سالہ بیٹی سمیرا بی بی موقع پر جاں بحق ہوگئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا بچی کی میت گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ دریں اثناء نواحی علاقے بھلر والا موضع نواں کوٹ پر آسمانی بجلی گرنے سے 20 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ وہ بھی فصل کاٹنے کے دوران شدید بارش اور آندھی سے بچنے کیلئے ایک درخت کے نیچے جا بیٹھے تھے کہ اچانک آسمانی بجلی گرگئی جنہیں فوری طور پر وہاں کے مقامی لوگوں نے اپنی مد د آپ کے تحت قریبی ہسپتال پہنچایا۔ علاوہ ازیں بھکر کے اکثر علاقوں میں مٹی کا طوفان، بارش، ژالہ باری نے نظام زندگی مفلوج کردیا۔ 60کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے چلنے والی ہوا نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کردیا، آندھی طوفان کے باعث ضلع کے شہروں کو بجلی فراہم کرنیوالے فیڈر ٹرپ کرگئے۔ ترجمان فیسکونے بتایا کہ طوفان و بارش کی وجہ سے جن علاقوں میں فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں وہاں پر واپڈا کی ٹیمیں پہنچ کر ہنگامی بنیادوں پر بجلی کی بحالی کے لیے کام کر رہی ہیں۔