گورنر سرور سے ملیحہ لودھی کی ملاقات‘ کشمیر پر عالمی سفارتکاروں سے ہونیوالی گفتگو سے آگاہ کیا
لاہور (نیوزرپورٹر) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کی ملاقات جبکہ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرورنے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے بھارتی جار حیت کا پہلے سے زیادہ بھر پور جواب دیا جائیگا ۔لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائر نگ دہشت گردی ہے۔ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔بھارت سفارتی سطح پر دنیا بھر میں مکمل تنہا ہو چکا ہے جبکہ دنیا امن کے پیغام کے حوالے سے پاکستان کے کیساتھ کھڑی ہے ۔آج پاکستان سفارتی سطح پر کامیابی کیساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ۔ملکی دفاع کیلئے پوری قوم حکومت اور افواج پاکستان کیساتھ کھڑی ہے۔ اتوار کے روز گور نر ہائوس لاہور کے جاری اعلامیہ کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے ملاقات کی اور ان کو مسئلہ کشمیر،پاک بھارت کشیدگی اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پرمسلسل بلا اشتعال فائر نگ سمیت دیگرا یشوز کے حوالے سے اقوام متحدہ اور دنیا کے دیگر ممالک کے سفارتکاروں سے ہونیوالی گفتگو کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے پہلے بھی جب بھارت نے جارحیت کی تو ہم نے اس کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور اب بھی اگر بھارت کسی قسم کی جار حیت کی کوشش کر یگا تو اس کو پہلے سے زیادہ سخت اور بھر پور جواب دیا جائیگا۔ اُنہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اقوام متحدہ کی قر ار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کروائے۔