بے نامی جائیدادیں: ایف بی آر نے کارروائی کیلئے علیحدہ فنڈز مانگ لئے
اسلام آباد (آن لائن) ایف بی آر نے بے نامی جائیدادیں رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں علیحدہ فنڈز مانگ لیے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے قائم کیے جانیوالے3 بے نامی زونز کیلئے گریڈ 17 تا 20 کی 10 نئی آسامیاں منظور کروائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ان تینوں زونز کیلئے درکار سٹاف کی بھی منظوری لی جائے گی۔ ان تینوں زونز کے سربراہان گریڈ20 میں لگائے جائیں گے اور زون میں گریڈ 20 کے ایک افسر کی تقرری کے حساب سے 3 آسامیاں منظور کروائی جا رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بے نامی قانون کے تحت بے نامی جائیدادیں رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے ایڈجوکیٹنگ اتھارٹی بھی قائم کی جارہی ہے اور اس کیلیے سیکرٹری ریونیو ڈویژن15 اپریل تک افسران کے ناموں کا پینل وفاقی حکومت کو بھجوائیں گے۔