• news

بھارت اپنے نقصان اور دوسرے طیارے کی تباہی سے متعلق سچ بتائے: فوجی ترجمان

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ہمیشہ سچ کی جیت ہوتی ہے یہ وقت ہے کہ بھارت اپنے جھوٹے دعوؤں کے بارے میں سچ بولے بھارتی دعووں سے متعلق ردعمل میں انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے نقصانات اور مار گرائے گئے دوسرے بھارتی طیارے سے متعق بھی سچ بتائے ۔بھارتی فضائیہ ایک بار پھر اپنے صحافیوں کے سامنے پاکستان کے ایف-16طیارے کو مار گرانے کا دعوی ثابت کرنے میں ناکام ہوگئی۔27 فروری کو پاک فضائیہ کی جانب سے 2بھارتی طیارے مار گرائے جانے کے بعد بھارت نے بھی پاکستان کا ایف۔16طیارہ مار گرانے کا دعوی کیا تھا جب کہ بھارت کے اس دعوے کی قلعی عالمی میڈیا وقتا فوقتا کھولتا رہا اور حال ہی میں امریکی جریدے نے بھارت کے جھوٹ کا پول کھولتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایف۔16 طیارے گننے کی پیش کش کی تھی جس پر امریکی حکام نے طیاروں کی تعداد مکمل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسکواڈ میں سے کسی طیارے کے غائب نہ ہونے سے ثابت ہوتا ہے کہ کوئی پاکستانی طیارہ تباہ نہیں ہوا۔عالمی سطح پر تسلیم کیے گئے شواہد کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار بھارت اپنے ملک میں اپنے ہی صحافیوں کو مطمئن کرنے میں ایک بار پھر مکمل طور پر ناکام رہا اور بھارتی فضائیہ کا ایک اور اسکرپٹ ناکام ہو گیا۔بھارتی فضائیہ کے ایئر وائس مارشل آر جی کے کپور نے پریس کانفرنس میں ریڈار سے حاصل ہونے والی تصاویر دکھاتے ہوئے بریفنگ دی تاہم وہ بھارتی صحافیوں کے سوالات دینے میں ناکام رہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی پریس کانفرنس پر ردعمل میں مزید کہا کہ بار بار بولنے سے جھوٹ سچ نہیں بن جاتا۔ کہتے ہیں ایف 16 گرانے کا ثبوت ہے سامنے نہیں لاتے۔ پاکستان کی بھارت کو ہونے والے نقصانات پر خاموشی کو نظر انداز نہ کریں۔ پاکستان نے سچ پر بھی ڈھول نہیں بجائے۔ سچ یہ ہے کہ پاکستان ائرفورس نے دو بھارتی طیارے مار گئے جن کا ملبہ سب نے زمین پر دیکھا ہے۔ بھارتی نقصانات پر ڈھول پیٹنے کی بجائے پاکستان کی خاموشی کو نظرانداز نہ کریں۔

ای پیپر-دی نیشن