• news

اصغر خان کیس، سابق فوجی افسروں کیخلاف سویلین افراد کو بطور گواہ بلانیکا فیصلہ

اسلام آباد (نیشن رپورٹ+ سید صبیح الحسنین) آرمی کوٹ نے 1990ء کے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کی خلاف عوامی حیثیت حاصل کرنے کی غرض سے نواز شریف سمیت بہت سے سیاستدانوں میں کروڑوں روپے تقسیم کرنے میں ملوث سابق فوجی افسروں کیخلاف سویلین افراد کو بطور گواہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ معروف اصغر خان کیس کے فیصلہ پر عملدرآمد کے حوالے سے سپریم کورٹ کے روبرو پیش کی جانیوالی وزارت دفاع کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سویلین افراد سمیت تمام شہادتوں کا معائنہ کیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ استغاثہ کے 3 گواہوں کے بیانات کا معائنہ کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر کو ٹریس کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ دریں اثناء سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے اپنے دو صفحات پر مشتمل ریمارکس میں کہا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ واضح نہیں ہے چنانچہ بعض نکات پر مزید تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن