افغانستان: خودکش حملہ‘ 10 امریکی فوجی ہلاک‘ 2 ٹینک تباہ کر دیئے: طالبان
جلال آباد (نوائے وقت رپورٹ +نیوزایجنسیاں) بگرام بیس کے قریب خود کش حملہ ہوا، طالبان کے مطابق 10 سے زائد امریکی فوجی ہلاک اور دو ٹینک تباہ کر دئیے ، ننگر ہار کے شہر جلال آباد میں بارودی مواد کے دھماکے میں دو فوجی ہلاک اور پانچ شہری زخمی ہو گئے۔اس دھماکے میں استعمال ہونے والا بارودی مواد فوج کی گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔ صوبائی پولیس کے ترجمان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پیر کی صبح جلال آباد میںدھماکا کیا گیا، اس دھماکے میں استعمال ہونے والا بارودی مواد فوجی کی گاڑی میں نصب کیا گیا تھا، انہوں نے کہاکہ بارودی مواد کے دھماکے میں دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے، دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ کسی بھی گروپ نے ابھی تک دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی جلال آباد میں ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔ صوبہ کنڑ میں ڈرون حملے سے داعش خرساں کے پانچ دہشتگرد جبکہ لوگر میں اتحادی فوج کے فضائی حملے کے دوران اہم کمانڈر ملا امین گل سمیت چار طالبان مارے گئے۔ افغان سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان مغربی صوبے بادغیس میں مسلسل پانچ روز سے لڑائی جاری ہے افغان وزارت دفاع کے ترجمان کرنل قیس منگل نے بتایا کہ ان جھڑپوں کے دوران گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں میں مزید بارہ سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں،طالبان کی تعداد 90 ہو گئی۔ بادغیش کی صوبائی کونسل کے رکن نے تصدیق کی ہے کہ فوجی اڈے میں پھنسے ہوئے تمام فوجیوں کو محفوظ انداز میں نکال لیا گیا ہے یہ جھڑپیں صوبہ بادغیس کے ضلع بالع مرغاب میں واقع ایک فوجی اڈے پر بدھ اور جمعرات کی رات میں کئے گئے حملے کے بعد سے جاری ہیں۔