فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے اثاثے منجمد ہونے کے خلاف درخواستوں کی سماعت 18 اپریل کو ہوگی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کی جانب سے جماعت الدعوۃ اور اس کی ذیلی تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے اثاثے منجمد کرنے کے خلاف حافظ سعید اور وفاقی حکومت کی متفرق درخواستوں کو 18 اپریل کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس امین الدین خان نے وفاقی حکومت کی متفرق درخواست پر جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت کے اثاثے منجمد کرنے کے حوالے سے کیس کی سماعت کی وفاقی حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ اٹاری جنرل سعدیہ ملک عدالت میں پیش ہوئیں۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سعدیہ نے عدالت کو مزید بتایا کہ عدالت نے اس کیس میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں کیس انتہائی اہم ہے اٹارنی جنرل آف پاکستان اس کیس میں خود پیش ہونا چاہتے ہیں جبکہ وہ 16 اپریل کو مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکتے انہوں نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ سماعت کے لئے کوئی تاریخ مقرر کی جائے جس پر عدالت عالیہ نے مرکزی کیس کو 18 اپریل کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔