دورہ جنوبی افریقہ ‘قومی ویمنز کرکٹرز کا تربیتی کیمپ آج سے شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کے سلسلہ میں جنو بی افریقہ کے خلاف میچز کی تیاریوں کیلئے آج سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں قومی ویمن کرکٹرز کا تربیتی کیمپ منعقد ہوگا جو کہ 27 اپریل تک جاری رہے گا۔ کیمپ میں 24 ممکنہ کرکٹرز شرکت کریں گے۔ کیمپ میں شرکت کے لئے جن کرکٹرز کو دعوت دی گئی ہیں ان میں ایمان انور، عالیہ ریاض، انعم امین، اروب شاہ، بسمعہ معروف ( کپتان )، ڈیانا بیگ، فریحہ محمود، فاطمہ ثنائ، ارم جاوید، جویریہ روف، جویریہ ودود، کائنات حفیظ،کائنات امتیاز، مہم طارق، منیبا علی، ناہیدہ خان، نشرہ سندھو، ندا ڈار، امائمہ سہیل، رمین شمیم، صباء نذیر، ثناء میر، سدرہ امین اور سدرہ نواز شامل ہیں۔ پی سی بی کے ترجمان سمیع الحسن برنی کے مطابق قومی ویمن ٹیم 29 اپریل کو جوہانسبرگ ساوتھ افریقہ روانہ ہوگی۔ ویمن ٹیم دورہ ساوتھ افریقہ میں تین ون ڈے میچز اور پانچ ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔ آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کے سلسلہ میں قومی ویمن ٹیم کا سیریز کا پہلا ون ڈے میچ چھ مئی کو ساوتھ افریقہ کی ویمن ٹیم کے خلاف ہوگا۔ دوسرا ون ڈے میچ 9 مئی تیسرا 12 مئی کو ہوگا جبکہ پانچ ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 15مئی، دوسرا میچ 18مئی، تیسرا میچ 19مئی، چوتھا میچ 22 مئی اور پانچواں میچ 23 مئی کو ہوگا۔ قومی ویمن ٹیم کی تیاریوں کے لئے تربیتی کیمپ 9 سے 27 اپریل کو کراچی میں منعقد ہوگا۔ کیمپ میں ممکنہ کھلاڑی تین 50 اوورز پریکٹس میچز کھیلیں گے جو کہ 9، 11 اور 13 اپریل کو ہوں گے اور پھر سلیکشن کمیٹی ان کی پرفارمنس کا جائزہ لے کر 13 اپریل کو پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کرے گی۔ دورہ ساوتھ افریقہ سے قومی ویمن ٹیم کو 21 فروری سے 8 مارچ 2020ء تک آسٹریلیا میں ہونے والی ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔حتمی 15 رکنی سکواڈ کا اعلان 13 اپریل کو کیا جائیگا۔ انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جمال ٹرینر، رفعت گل فزیو، زبیر ویڈیو انالسٹ اور عائشہ جلیل منیجرمقررکئے گئے ہیں۔ ہیڈکوچ نے کیمپ میں ٹریننگ کیساتھ کھلاڑیوں کی بھرپورفزیکل فٹنس کوسب سے زیادہ اہمیت دیتے ہوئے واضح اور دوٹوک الفاظ میں اس ضمن میں کوئی رعایت نہ برتنے کا عندیہ دیا ہے۔