• news

حکومت اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کا کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کریگی :نعیم الحق

لاہور(نمائندہ سپورٹس) وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق کی اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر شکیل شیخ، انصاف سپورٹس اینڈ کلچر کے صدر عمر خیام، انصاف سپورٹس اینڈ کلچر ونگ اسلام آباد کے صدر چودھری ضیاء ، نارتھ زون اسلام آباد کے صدر شبیر احمد سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ حکومت وفاقی دارالحکومت میں بین الاقوامی معیار کا کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرے گی جبکہ سٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی۔ وفاقی دارالحکومت میں دس نئے کرکٹ گراؤنڈز بھی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کھیل کے فروغ کے لیے اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور ریجن کے صدر شکیل شیخ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر شکیل شیخ نے نعیم الحق کو وفاقی دارالحکومت میں کھیل کی سرگرمیوں میں اضافے کرکٹ سٹیڈیم، اکیڈمی اور نئے گراؤنڈز کے فیصلے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے کھیل دوست فیصلہ قرار دیا۔ انہوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی کو مختلف کرکٹ گراؤنڈز پر کھیل کی بہترین سہولیات بارے تفصیلات سے آگاہ گیا۔ اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن انتظامیہ نوجوانوں کو کرکٹ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے جذبے سے کام کر رہی ہے۔ نعیم الحق کی کھیل دوست سوچ خوش آئند اور نوجوان نسل کیلیے خوشخبری ہے۔یہاں کرکٹرز کو نکھارنے اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنے میں اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن سب سے آگے ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن