پنجاب میں مسلم لیگ ن‘ جے یو آئی کارکن نکال لے تو حکومت دفاعی پوزیشن پر چلی جائیگی: بلاول
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف علی زرداری نے بے نظیر بھٹو ایمپلائز سٹاک آپشن سکیم ختم کرنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت محنت کشوں کے 28 ارب روپے ہتھیانے سے گریز کرے۔ سکیم کا مقصد سرکاری صنعتوں میں محنت کشوں کو حصہ دار بنانا تھا۔ بے نظیر ایمپلائز سٹاک آپشن سکیم، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا حصہ ہے۔ حکومت نے ایسا قدم اٹھایا تو پارلیمان کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زر داری نے کہا ہے کہ پنجاب میں ن لیگ اور جے یو آئی اپنے کارکن نکالے تو حکومت دفاعی پوزیشن پر چلی جائیگی۔ ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی وسطی و جنوبی پنجاب کی مشاورت کے بعد بلاول بھٹو زر داری کے ٹرین مارچ کو حتمی شکل دی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کی طرف ٹرین مارچ روہڑی سے شروع کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق ٹرین مارچ کے دوران بلاول بھٹو کی تقاریر کے وقت سیکیورٹی کے ایس او پیز بنائے جائیں گے ۔بلاول بھٹو زرداری ٹرین مارچ کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں میں قیام کریں گے۔ذرائع نے بتایاکہ قیام کے دوران بار کونسلز اور پریس کانفرنسوں سے بھی خطاب کریں گے ۔ ذرائع نے بتایاکہ پنجاب کے بڑے شہروں میں جلسوں سے خطاب بھی کریں گے۔حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لئے ن لیگ اور مولانافضل الرحمن کی حمایت لینے پر بھی غور کیا گیا ، بلاول بھٹو زر داری نے تجویز دی کہ پنجاب میں ن لیگ اور جے یو آئی اپنے کارکن نکالے تو حکومت دفاعی پوزیشن پر چلی جائیگی۔