پشاور، صوابی سمیت کئی علاقوں میں تیز آندھی ، درخت اکھڑ گئے، چھتیں گرنے سے 6ہلاک متعدد زخمی
پشاور، صوابی (نوائے وقت رپورٹ) پشاور سمیت خیبر پی کے کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور طوفان نے تباہی مچا دی۔ پشاور میں 6 افراد جاں بحق اور 42 زخمی ہوگئے۔ تیز ہواؤں سے بی آر ٹی سٹیشن کی سیلنگ بھی اڑ گئیں۔ آندھی اتنی تیز تھی کہ مختلف علاقوں میں ناصرف گھروں کی چھتیں اڑ گئیں بلکہ کئی جگہ پر دیواریں اور درخت بھی گر گئے۔ پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں ہونے والے ان حادثات میں تین افراد جاں بحق اور بیالیس زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خاتون اور بچہ بھی شامل ہے۔ خیبر پی کے کی ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق ان کے پاس سترہ زخمی لائے گئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ باقی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کا نام جہانزیب ہے۔ طوفان سے یونیورسٹی روڈ کے قریب بی آر ٹی سٹیشن کی سیلنگ بھی اڑ گئیں۔ دوسری جانب تیز ہواؤں سے درخت اکھڑنے اور تاریں گرنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ انتظامیہ کے مطابق لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 13 کے ٹی ایچ میں 17 اور حیات آباد میڈیکل کمپلکس میں 12 زخمی لائے گئے۔ پشاور سمیت خیبر پی کے میں شدید آندھی اور بارش سے 191 سے زائد فیڈر متاثر ہوئے ہیں۔ طوفان سے درخت گرنے اور تاروں کے ٹوٹنے سے فیڈرز متاثر ہوئے۔ صوابی کے علاقے میں یار چین میں آندھی کے باعث گھر کی چھت گر گئی۔ پولیس کے مطابق چھت کے ملبے تلے تب کر دو خواتین جاں بحق ہو گئیں۔ حادثے میں تین خواتین زخمی بھی ہوئیں جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔لاہور میں بھی رات گئے ہلکی بارش ہوئی۔