نیب کا دوسرا پنک ریزیڈنسی ریفرنس بھی سماعت کے لئے منظور، عبدالغنی مجید سمیت19ملزمان نامزد
اسلام آباد (صباح نیوز + آئی این پی) جعلی اکائونٹس کیس میں نیب کا دوسرا ریفرنس بھی سماعت کیلئے منظور کر لیا گیا۔ پنک ریذیڈنسی ریفرنس میں آفتاب میمن‘ عبدالغنی مجید سمیت 19 ملزمان پراراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے ذریعے قومی خزانے کو 2.5 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ جعلی اکائونٹس کیس میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے دائر کئے گئے پنک ریذیڈنسی ریفرنس کی سکروٹنی مکمل کر لی گئی ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے رجسٹرار نے مقدمہ جج محمد ارشد ملک کو بھجوا دیا۔ پنک ریذیڈنسی ریفرنس میں آفتاب میمن‘ عبدالغنی مجید سمیت مجموعی طورپر 19 ملزمان نامزد ہیں جن پر زمین کی خلاف قانون الاٹمنٹ کا الزام ہے۔ نیب ریفرنس کے مطابق ملزمان نے پنک ریذیڈنسی فرم کے نام خلاف قانون زمین الاٹ کرکے قومی خزانہ کو 2.5 ارب روپے نقصان پہنچایا۔ ملزمان نے جعلی اکائونٹس کا استعمال اور اختیارات سے تجاوز کیا۔ نیب نے ریفرنس دائر کرکے کراچی میں متعلقہ30 ایکڑ زمین بھی ضبط کر لی تھی۔ سماعت احتساب عدالت نمبر 2 میں ہوگی اور جج محمد ارشد ملک پنک ریذیڈنسی ریفرنس کی سماعت کریں گے۔