• news

شہباز شریف ، حمزہ پر فرد جرم عائد : دونوں کا الزامات سے انکار

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے آشیانہ اور رمضان شوگر ملز کیس میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کر دی۔ تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ دونوں رہنمائوں کیخلاف اختیارات کا ناجائز استعمال اور عوامی فنڈز کے غیر قانونی استعمال کے الزامات عائد کئے گئے، احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کی۔ شہبازشریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے، نیب کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی جائے، عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے پوچھا کہ رمضان شوگر ملز ریفرنس کیا ہے، جس پر نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں ایک گندا نالہ تعمیر کیا گیا جس پر عوام کے 21 کروڑ روپے خرچ کئے گئے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچا یا گیا، نیب پراسیکوٹر نے دلائل میں کہا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں ملز کے لیے سرکاری خزانہ سے نالا بنایا گیا۔ اختیارات سے تجاوز کا کیس ہے تاہم اسی دوران شہباز شریف نے کچھ کہنے کی کوشش کی تو جج نے انہیں روک دیا۔ اور کہا کہ آپ سب کو سننے اور سنانے کا موقع دیا جائے گا۔ یہ قانونی اور پروسیجرل چیزیں ہیں جو قانون کے مطابق ہونی چاہئے، جس کے بعد شہباز شریف نے عدالت میں اپنا موقف پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے دس سالوں میں حکومت کے کئی سو ارب روپے بچائے ہیں۔ کیا میں نے نالے کے لیے سرکاری خزانہ استعمال کرنا تھا۔ عدالت نے کہا ابھی آپ پر الزام ہے جسے ثابت ہونا ضروری ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو شہادتوں کے لیے طلب کر لیا۔ واضح رہے کہ 18 فروری کو قومی احتساب بیورو نے شہباز شریف حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس میں ریفرنس دائر کیا تھا ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جب عدالت میں پیش کیا گیا تو اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔احتساب عدالت میں پیشی کے دوران سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سے مختصر ملاقات بھی ہوئی۔ شہبازشریف اور احد چیمہ کے درمیان کچھ دیر بات چیت ہوئی۔ حمزہ شہباز نے بھی احد چیمہ سے ان کا حال احوال پوچھا۔ فواد حسن فواد بھی احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور ان سے بھی ملاقات ہوئی۔سپریم کورٹ میں شہباز شریف اور فواد حسن فواد کی ضمانت منسوخی کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔ نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اور رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف کی ضمانت چیلنج کی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن