• news

بھارتی الیکشن، جامع مسجد دہلی کے امام نے کسی جماعت کی حمایت نہ کرنے کا اعلان کر دیا

نئی دہلی ( نوائے وقت رپورٹ) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے 2019ء کے بھارتی لوک سبھا انتخابات میں کسی بھی سیاسی جماعت کی حمایت نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ بھارتی نشریاتی ادارے انڈیا ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے سیاسی جماعتوں سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ وعدے کئے لیکن کسی نے بھی ان پر عمل نہیں کیا۔ واضح رہے کہ سید احمد شاہ بخاری کے حوالے سے یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ انہوں نے 2014ء کے عام انتخابات میں مبینہ طور پر کانگریس کی حمایت کی تھی۔ ایک بیان میں جامع مسجد کے امام کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو اس حقیقت کو دیکھنا چاہئے کہ تقریباً تمام سیاسی جماعتوں نے انہیں مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی نفرت اور مذہبی جنون نے ہمارے بنیادی اقدار اور روایات کو پامال کر دیا ہے اور یہ حالات ایک مہذب معاشرے کیلئے گہری تشویش کا باعث ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ نقطہ سامنے آتا ہے کہ ایک قوم کے سنہری اصول اور اتحاد کے فروغ کے بجائے ہر معاملے میں سامراجیت کا زہر پھیلایا جا رہا ہے۔ جامع مسجد کے امام کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں 2019 ء کے پارلیمانی انتخابات عوام کی دور اندیشی اور حکمت کی آزمائش ہیں۔ موجودہ صورتحال میں اس بات کا تعین کرنا مشکل ہے کہ کون حمایت کا حقدار ہوگا۔ لہذا بہت سوچ بوجھ اور مشاورت کے بعد میں نے یہ فیصلہ کیا کہ کسی سیاسی جماعت کی حمایت میں اپیل نہیں کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن