گٹھ جوڑ کونیوالوں نے قومی کھیل کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا: خالد سجاد
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی کے خلاف گٹھ جوڑ کرنیوالوں نے قومی کھیل کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ ان لوگوں کواہم عہدوں پر ذمہ داریاں سونپ رکھی تھیں اپنی ناکامی کا ملبہ اب فیڈریشن پر ڈال کو خود کو بری الذمہ قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مجھے سمجھ نہیں آتی یہ لوگ کس منہ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومت کی جانب سے ملنے والے فنڈز کا کئی مرتبہ آڈٹ کرایا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن جب بھی مالی مشکلات کا شکار ہوئی ہے۔ اپنی مدد آپ کے تحت کھلاڑیوں کو فنڈز کا بندوبست کر کے ان کے ڈیلی الاونس ادا کیے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا جب چارج سنبھالا تھا تو فیڈریشن کروڑوں روپے کی مقروض تھی جن کا قرضہ بھی ادا کیا گیا اور کھلاڑیوں کو بھی ان کے بقیہ جات ادا کیے گئے ہیں۔ فیڈریشن کے عہدیداران نے کوئی کرپشن نہیں کی ہے بلکہ قومی کھیل کی بہتری کے لیے اقدامات کیے ہیں جن کا ثمر فوری نہیں ملے گا، حکومت اگر فنڈز جاری نہیں کریگی تو قومی کھیل مزید تباہی کی جانب چلا جائے گا۔ میڈیا کے ذریعے اب بھی ان لوگوں کو دعوت دیتا ہوں کہ اگر ان کے پاس کوئی ویژن ہے تو وہ فیڈریشن کے ساتھ شیئر کریں تاکہ اس پر بھی عمل کیا جائے۔آج عہدوں کے لالچ میں فیڈریشن پر تنقید کرنے والے اپنے مذموم مقاصد کے حصول میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ ہاکی بہت مہنگی ہو گئی ہے اسے ترقی دینے کے لیے حکومت فنڈز کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کے روشن مستقبل کے لیے پاکستان سپورٹس بورڈ اور حکومت پنجاب کو پلان دے رکھا ہے جس کے لیے کسی سطح پر کوئی تعاون نہیں کیا جا رہا ہے۔