• news

انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ ، فرحان محبوب محمد ایلشربینی فائنل میں پہنچ گئے

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر ) پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیراہتمام جاری ہواوے انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں پاکستان کے فرحان محبوب اور مصر کے محمد ایلشربینی فائنل میں پہنچ گئے۔ مصحف سکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کے عالمی نمبر 72 فرحان محبوب نے مصر کے عالمی نمبر 46 کریم علی فتحی کو 3-1 سے ہراکر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔پہلے سیٹ میں فرحان محبوب کو 5-11 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ تین سیٹ میں فرحان محبوب کو 11-9،11-9 اور 11-5 سے فتح حاصل ہوئی۔ یہ میچ 38 منٹ تک جاری رہا۔ دوسرے سیمی فائنل میں مصر کے عالمی نمبر 74 محمد ایلشربینی نے سپین کے عالمی نمبر 81 کارلوس کارنز کو 3-1 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی،محمد ایلشربینی نے تینوں سیٹ میں 11-9، 13-11 اور 11-3 سے شکست دی، یہ میچ33 منٹ تک جاری رہا۔ فائنل میں پاکستان کے فرحان محبوب اورمصر کے محمد ایلشربینی کے درمیان آج کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں 24 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں 13 غیر ملکی اور 11 پاکستانی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن