محمد عامر کو پاکستان کیلئے کھیلنے میں کوئی دلچسپی نہیں رہی‘میڈیا کا دعوی
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) سینئر سپورٹس صحافی اور تجزیہ نگار سلیم خالق نے دعوی کیا ہے کہ فاسٹ باولر محمد عامر کو اب پاکستانی ٹیم کے ساتھ رہ کر انٹر نیشنل کرکٹ کھیلنے میں کوئی دلچسپی نہیں رہ گئی ہے اور وہ اب برطانوی شہری بن کر وہیں کھیلنا چاہتے ہیں۔قومی میڈیا کے مطابق محمد عامر کو اب صرف کسی بھی انگلش کاونٹی سے فل سیزن کانٹریکٹ کی تلاش ہے،انہوں نے ایک برطانوی خاتون کے ساتھ شادی کررکھی ہے اور برطانوی شہریت کے لیے کاغذات بھی جمع کروارکھے ہیں جس کے بعد اب انہیں صرف وہاں سے جواب ملنے کا انتظار ہے۔ محمد عامر کا پہلا منصوبہ یہ تھا کہ کسی طرح انگلینڈ کا ویزہ دوبارہ لگوایا جایا کیوں کہ وہ برطانیہ میں جیل میں رہ چکے ہیں اور عمومی طور پر اس کے بعد ویزہ لگوانا بہت مشکل ہوتا ہے تاہم انہیں ویزہ مل گیا اور وہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ انگلینڈ گئے اور یوں ایک بڑی رکاوٹ ختم ہوگئی جس کے بعد انہوں نے شادی کرلی اور پھر برطانوی شہریت کے لیے درخواست دیدی تاہم ابھی ان کا کیس چل رہا ہے،جیسے ہی محمد عامر کو برطانوی شہریت ملے گی تو وہ پاکستانی کرکٹ چھوڑ کر مستقل طور پر برطانیہ منتقل ہوجائیں گے اور وہیں کاونٹی کرکٹ اور کلب کرکٹ کھیلیں گے۔یاد رہے کہ محمد عامر نے2017ء میں ایسیکس کاونٹی کے لیے مجموعی طور پر28وکٹیں حاصل کی تھیں اور رواں سال بھی انگلش ٹی ٹونٹی بلاسٹ کے 8میچز میں ایسیکس کی نمائندگی کریں گے۔