پاکستانی اداکارہ صنم سعید کی اداکاری سے بہت کچھ سیکھا ہے: عالیہ بھٹ
لاہور (کلچرل رپورٹر )اداکارہ عالیہ بھٹ نے کہا ہے کہ نئی فلم کلنک میں اپنے کردارکو بخوبی نبھانے کیلئے پاکستانی ڈرامے کو دیکھا اوربہت کچھ سیکھا تھا۔بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے ایک انٹرویو کے دوران اس بات کا انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی نئی فلم میں اپنے کردارکو بہترین انداز میں ادا کرنے کے لیے پاکستانی اداکارہ صنم سعید کی اداکاری سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے اپنے کردارکے لیے فلم مغل اعظم، امراؤجان بھی دیکھی جبکہ فلم کے ہدایتکارنے انہیں پاکستانی ڈرامے ’زندگی گلزارہے‘ بھی دیکھنے کا کہا جس میں فواد خان اور صنم سعید نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔انہوں نے یہ فلمیں اورڈرامہ اپنے کرداراورزبان کی بہترین ادائیگی کے لیے دیکھا۔ ہدایتکارنے انہیں زندگی گلزارہے، ڈرامے کو اس لیے دیکھنے کوکہا تھا کیونکہ اس میں ادا کیا گیا صنم سعید کا کردارمیرے کردارسے ملتا جلتا تھا، ایسی لڑکی جس کے کندھوں پربہت سی ذمہ داریاں ہوتی ہیں جب کہ وہ خوش رہنے والی انسان بھی نہیں ہوتی لیکن پھربھی وہ ایک حوصلہ مند لڑکی ہوتی ہے۔عالیہ نے کہا کہ ایک کردارمیں اتنے سارے زاویوں کوایک ساتھ اپنے کردارمیں لانا مشکل ہوتا ہے۔ وہ اس فلم کا حصہ بن کر بہت خوش ہیں کیونکہ وہ اس فلم میں بہت سے اداکاروں کے ساتھ کام کریں گی اور ہر کسی سے کچھ نہ کچھ سیکھیں گی۔