فٹنس ٹیسٹ: عمر، وہاب، افتخار سمیت مزید 7کھلاڑی بلانے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ورلڈ کپ 2019کے لئے قومی ٹیم کا انتخاب کرنے کیلئے قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس 15سے 17اپریل تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میںہوگا۔پاکستان کپ میں متاثر کُن کارکردگی دکھانے والے وہاب ریاض ،عمر اکمل اور احمد شہزاد کو بھی فٹنس ٹیسٹ کیلئے بلائے جانے کا امکان ہے۔ مشن ورلڈ کپ 2019میں پر کون کون ساکھلاڑی جائے گا اس کا فیصلہ کرنے کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس 15سے 17اپریل تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں طلب کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی خود کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کی نگرانی کرے گی۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے پہلے سے طلب کئے گئے 23کھلاڑیوں کیساتھ ساتھ پاکستان کپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے عمر اکمل ،وہاب ریاض ،احمد شہزاد،افتخار احمد سمیت سات مزید کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیلئے مدعو کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔سلیکشن کمیٹی فاسٹ بائولر محمد عامر کو میگاایونٹ سے قبل خود کو منوانے کا بھر پور موقع فراہم کرنے کے حق میںہے اور اس سلسلے میں ان کو ابتدائی طور ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ لے جانے پر غور جاری اور انگلش ٹیم کے خلاف سیریز اور وارم اپ میچز کے بعد ان کو حتمی سکواڈ میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔محمد عامر کے معیار پر پورا نہ اترنے کی صورت میں وہاب ریاض میگا ایونٹ کیلئے مضبوط امیدوار ہوں گے جبکہ عابد علی، آ صف علی، محمد حسنین کو ابتدائی طور پر انگلینڈ بھجوائے جانے کا قوی امکان ہے۔عماد وسیم، محمد حفیظ کو ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت کے لئے فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرنا ہوں گے۔کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کے بعد چیف سلیکٹر انضمام الحق چیئرمین پی سی بی کی منطوری سے 18اپریل کو قومی سکواڈ کا اعلان کریں گے۔