یونس خان نے کوچنگ کی مشروط ذمہ داری قبول کرنے کا عندیہ دیدیا
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے جونیئر کرکٹرز کی سلیکشن سمیت کوچنگ کی مشروط ذمہ داری قبول کا عندیہ دے دیا، ایم ڈی پی سی بی وسیم خان سے ملاقات میں کہا کہ بااختیار بنایا جائے تو سوچا جا سکتا ہے۔کراچی میں پی سی بی کے ایم ڈی کی لیجنڈری یونس خان سے ملاقات ہوئی جس میں سابق کپتان نے جونیئر کرکٹرز کا شعبہ سنبھالنے کیلئے شرط رکھ دی۔ ذرائع کے مطابق یونس خان نے مطالبہ کیا کہ اگر انہیں ہیڈکوچ، چیف سلیکٹر جہاں انہی کی مرضی کی سلیکشن کمیٹی بھی ہو تو وہ جونیئر کرکٹرز کی ذمہ داری لے سکتے ہیں۔یونس خان نے ساتھ یہ بھی کہا کہ جونیئر کرکٹرز کے تمام کیمپ کراچی میں لگیں گے، قومی جونیئر کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا معاہدہ آئندہ ماہ ختم ہو گا۔قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سابق عظیم بلے باز یونس خان نے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم سے عمدہ کارکردگی کی امید کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی تو عالمی کپ جیت سکتی ہے۔کراچی کے جناح ہسپتال میں خطاب کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ ورلڈ کپ سر پر ہے لہٰذا اب سرفرازاحمد کی کپتانی پر اب باتیں نہیں ہونی چاہئیں، امید ہے کہ سرفراز ورلڈکپ میں اچھی خبر دیں گے۔یاد رہے کہ یونس خان کی زیر قیادت قومی ٹیم نے 2009 کا ورلڈ ٹی20 جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔سابق عظیم بلے باز نے کہا کہ ورلڈ کپ کے نئے فارمیٹ کو دیکھتے ہوئے پاکستان کو ایونٹ میں سخت محنت کرنا ہوگی، اگر قومی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی اور قسمت نے ساتھ دیا تو پاکستان ورلڈکپ جیت سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے آغاز میں بھی کسی کو جیتنے کی امید نہیں تھی لیکن سب نے دیکھا کہ پاکستان نے چیمپیئنز ٹرافی جیتی لہٰذا سب کو مل کر ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو انگلینڈ کے لیے روانہ ہو گی۔