• news

ہائیکورٹ نے رمضان شوگر ملز‘ صاف پانی کیس میں حمزہ کی عبوری ضمانت 17 اپریل تک منظور کر لی

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز اور صاف پانی سکینڈلز میں عبوری ضمانتیں 17 اپریل تک منظور کر لیں۔ عدالت نے ایک ایک کروڑکے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔دورکنی بینچ نے نیب کو رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کیس میں حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ کارکنوں کی بدنظمی پر عدالت برہم۔ حمزہ شہباز نے یقین دہانی کرا دی کہ کوشش کرینگے آئندہ ایسا نہ ہو۔ حمزہ شہباز لیگل ٹیم اور کارکنوں کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اتنے لوگ اکٹھے ہو جاتے ہیں، عدالت کا ماحول خراب ہوتا ہے کمرہ عدالت میں سیلفیاں بنائی جاتی ہیں عدالت نے حمزہ شہباز کو مخاطب کرتے ہوئے تنبیہہ کی کہ سب نمبر بنانے یہاں پر پہنچ جاتے ہیں، اپنے لوگوں کو منع کر دیں۔ حمزہ شہباز نے جواب دیا کہ آپ کا اعتراض درست ہے جب گھر سے نکلا تو باہر میڈیا ہی میڈیا تھا۔ حمزہ شہباز کے وکلاء نے دلائل دئیے کہ نیب پہلے بھی سیاستدانوں کو کسی اور انکوائری میں بلا کر دوسرے مقدمات میں گرفتار کر چکا ہے۔ حمزہ شہباز کو نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ نئے ریفرنس میں طلب کر رکھا ہے۔ احاطہ عدالت میں گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملکی معیشت آج وینٹی لیٹرپر ہے بیوروکریسی ہاتھ پرہاتھ رکھ کربیٹھی ہوئی ہے نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیب اورنیازی کاگٹھ جوڑ ہے۔ نیب کی پیشیاں 10دن نہیں 10مہینے بھی چلتی ہیں نیب نے میرے گھر پردھاوا بولا اور دنیا نے تماشا دیکھا۔ حمزہ شہباز کئی آئیں گے اور جائیں گے اس ملک نے قائم رہنا ہے۔ قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے غریب اپنے گھر کے برتن بیچ کر بھی گیس کا بل ادا نہی کرسکتا انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیازی صاحب اللہ سے ڈریں ریڑھی والے کی غربت کا مذاق اڑاتے ہیں۔ بنائے گئے تمام مقدمات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔حمزہ شہباز نے صدر لاہور ہائیکورٹ بار حفیظ الرحمن چوہدری سے ملاقات کی۔ ملاقات مین سیکرٹری فیاض احمد رانجھا ،نائب صدر کبیر چوہدری اور فنانس سیکرٹری عنصر جمیل گجر موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن