وزیراعظم نے انصاف کی یقین دہانی کرائی چیک کا مطلب یہ نہیں بک گئے: بھائی خلیل
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سانحہ ساہیوال میں جاں بحق خلیل کے بھائی جلیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ وزیراعظم کے ساتھ ملاقات خوشگوار رہی۔ آدھے گھنٹے کی ملاقات کے دوران وزیراعظم نے انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ امدادی چیک دیکھ کر کوئی یہ نہ سمجھے کہ ہم بک گئے، ہمارا مطالبہ آج بھی انصاف کی فرہمی ہے۔ ہم نے اپنے تین مطالبات وزیراعظم کے آگے رکھے۔ پہلا مطالبہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشنل کمشن کا قیام۔ دوسرا مطالبہ کیس کو ساہیوال سے لاہور ٹرانسفر کرنا اور سی ٹی ڈی کی جانب سے درج جھوٹی ایف آئی آر کو خارج کرانا۔ تیسرا مطالبہ جوڈیشل کمشن کے قیام تک کیس کی تحقیقات کو روک دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو جوڈیشل کمشن بنانے کی ہدایت کر دی ہے پر امید ہیں انصاف ضرور ملے گا۔ انصاف نہ ملا تو دوبارہ سڑکوں پر اتجاج کریں گے۔